دنیا

ہیٹی کے تاریخی لافیریئر قلعے میں بھگدڑ، کم از کم 30 افراد ہلاک

  • حکام کے مطابق اس روز قلعے میں طلبہ اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی
شائع April 12, 2026 اپ ڈیٹ April 12, 2026 10:36am

ہیٹی کے شمالی دیہی علاقوں میں ہفتے کے روز بھگدڑ مچنے سے کم از کم 30 افراد ہلاک ہو گئے، حکام نے خبردار کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

سول پروٹیکشن کے مقامی سربراہ ژاں ہنری پتی کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ لافیریئر قلعے کے داخلی دروازے پر پیش آیا، جو انیسویں صدی کے اوائل میں فرانس سے آزادی کے بعد تعمیر کیا گیا تھا اور ملک کے اہم تاریخی مقامات میں شمار ہوتا ہے۔

حکام کے مطابق اس روز قلعے میں طلبہ اور سیاحوں کی بڑی تعداد موجود تھی جو یونیسکو کے عالمی ثقافتی ورثے میں شامل اس مقام کی سالانہ تقریب میں شرکت کے لیے آئے تھے۔ اسی رش کے دوران اچانک بھگدڑ مچ گئی، جسے بارش نے مزید سنگین بنا دیا۔

وزیراعظم الیکس دیدیئر فیلز ایمے نے واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کی اور یکجہتی کا یقین دلایا۔ انہوں نے بتایا کہ تقریب میں بڑی تعداد میں نوجوان شریک تھے، تاہم جاں بحق افراد کی مکمل تفصیلات ابھی سامنے نہیں آ سکیں۔

ہیٹی اس وقت پہلے ہی گینگز کے بڑھتے ہوئے تشدد اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کے باعث شدید بحران کا شکار ہے۔ حالیہ برسوں میں ملک کو متعدد سانحات کا بھی سامنا رہا ہے، جن میں ایندھن ٹینک دھماکے اور 2021 کا تباہ کن زلزلہ شامل ہیں جس میں ہزاروں افراد جان سے گئے تھے۔