کھیل

ہوم ہیرو واشیرو مونٹی کارلو میں ماسیٹی کو شکست دے کر خوشی سے نہال

  • 27 سالہ ٹینس اسٹار فتح کے ساتھ دوسرے مونیگاسک کھلاڑی بن گئے
شائع April 9, 2026 اپ ڈیٹ April 9, 2026 01:33pm

مونیگاسک کھلاڑی ویلنٹن واشیرو نے مونٹی کارلو ماسٹرز میں ہوم گراؤنڈ پر عالمی نمبر پانچ لورینزو ماسیٹی کو شکست دے کر سب کو حیران کر دیا۔ واشیرو نے یہ مقابلہ 6-7 اور 5-7 سے جیتا، جس کے بعد وہ اپنے سوتیلے بھائی اور کوچ بینجمن بیلیریٹ کے بعد اس ٹورنامنٹ کے تیسرے راؤنڈ تک پہنچنے والے دوسرے مونیگاسک کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یہ واشیرو کی کسی بھی ٹاپ فائیو کھلاڑی کے خلاف کیریئر کی دوسری بڑی فتح ہے۔ اس سے قبل وہ گزشتہ سال شنگھائی ماسٹرز میں نوواک جوکووچ کو بھی ہرا چکے ہیں۔ جیت کے بعد گفتگو کرتے ہوئے واشیرو نے کہا کہ جس کورٹ پر وہ چھ سال کی عمر سے پریکٹس کر رہے ہیں، وہاں ایسی کامیابی حاصل کرنا ان کے لیے خواب سچ ہونے جیسا ہے۔

واضح رہے کہ شنگھائی میں جیت اور آسٹریلین اوپن کے تیسرے راؤنڈ تک رسائی کے بعد واشیرو کی رینکنگ 204 سے 40 ویں نمبر پر آچکی ہے۔ اب ان کا اگلا مقابلہ پولینڈ کے ہیوبرٹ ہرکاز سے ہوگا۔