پاکستان

پاکستان ہمیشہ کے لیے بدل چکا ہے، وزیراعظم کا کابینہ اجلاس میں اظہار خیال

  • امریکی اور ایرانی وفود مذاکرات کے لیے جمعہ کو پاکستان آئیں گے، شہباز شریف کا اعلان
شائع April 8, 2026 اپ ڈیٹ April 8, 2026 07:15pm

پاکستان کی ثالثی میں امریکہ اور ایران کے درمیان دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اعلان کے ایک روز بعد وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک ہمیشہ کے لیے بدل چکا ہے۔ انہوں نے جنگ بندی کی درخواست قبول کرنے پر امریکہ اور ایران کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

بدھ کو ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم کے افتتاحی کلمات براہِ راست نشر کیے گئے، جسے بزنس ریکارڈر نے اپنے آفیشل یوٹیوب چینل پر ٹیلی کاسٹ کیا۔

وزیراعظم نے خطاب کے دوران کہا میں ریکارڈ پر امریکی اور ایرانی قیادت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے میری درخواست پر جنگ بندی کو قبول کیا۔ کراچی سے پشاور تک پاکستان اب ہمیشہ کے لیے بدل چکا ہے۔

وزیراعظم نے امریکہ اور ایران کے درمیان ثالثی میں اپنا کردار ادا کرنے پر ملک کی سیاسی اور عسکری قیادت کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے چین، سعودی عرب، ترکیہ، مصر اور قطر سمیت دیگر ممالک کے تعاون کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا کہ مشرق وسطیٰ میں جنگ کے پرامن حل کے لیے امریکہ اور ایران کے وفود جمعہ کو مذاکرات کے لیے پاکستان کا دورہ کریں گے۔