✕
کھیل

اسپین اور مصر کے میچ میں نسل پرستانہ نعروں پر فیفا کی تادیبی کارروائی شروع

  • ہسپانوی شائقین نے جو نہیں اچھلتا وہ مسلمان ہے جیسے توہین آمیز نعرے لگائے، ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغازہوگیا
شائع اپ ڈیٹ

فٹ بال کی عالمی تنظیم نے ہسپانوی فٹ بال فیڈریشن (آرایف ای ایف) کے خلاف تادیبی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ یہ کارروائی 31 مارچ کو اسپین اور مصر کے درمیان کھیلے گئے دوستانہ میچ کے دوران شائقین کی جانب سے کیے جانے والے اسلام فوبک اور نسل پرستانہ نعروں پر کی جا رہی ہے۔

بارسلونا کے قریب واقع آر سی ڈی ای اسٹیڈیم میں ورلڈ کپ کی تیاری کے سلسلے میں کھیلے گئے اس میچ کے دوران ہسپانوی شائقین نے جو نہیں اچھلتا وہ مسلمان ہے جیسے توہین آمیز نعرے لگائے۔ یہ میچ بغیر کسی گول کے برابر رہا تھا۔ فیفا نے اپنے بیان میں کہا کہ دوستانہ میچ کے دوران پیش آنے والے ان واقعات پر ہسپانوی فٹ بال حکام کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔

ہسپانوی پولیس نے بھی گزشتہ ہفتے ان نعروں کی تحقیقات شروع کر دی تھیں۔ اسپین کے اسٹار ونگر لیمین یامال نے بھی انسٹاگرام پر ان نعروں کی مذمت کرتے ہوئے انہیں ناقابلِ برداشت قرار دیا ہے۔

دوسری جانب مصری فٹ بال ایسوسی ایشن نے ان واقعات کو نسل پرستی کا گھناؤنا فعل قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے، تاہم یہ بھی واضح کیا کہ تماشائیوں کے ایک چھوٹے سے گروہ کی ان حرکتوں سے دونوں ممالک کی فیڈریشنز کے قریبی تعلقات متاثر نہیں ہوں گے۔