آسٹریلیا رواں سال زمبابوے میں تین ون ڈے میچز کھیلے گا
- سیریز کے تمام تینوں ون ڈے میچز 15 سے 20 ستمبر کے دوران ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔
آسٹریلیا ستمبر میں تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کے لیے زمبابوے کا دورہ کرے گا، جو کہ 2014 کے بعد اس افریقی ملک کا ان کا پہلا دورہ ہے۔
زمبابوے جنوبی افریقہ اور نمیبیا کے ساتھ مل کر 2027 کے 50 اوورز کے ورلڈ کپ کی میزبانی کرے گا جب کہ رواں برس کا یہ دورہ آسٹریلوی ٹیم کو وہاں کے حالات سے ہم آہنگ ہونے کا بہترین موقع فراہم کرے گا۔ اس سیریز کے تمام تینوں ون ڈے میچز 15 سے 20 ستمبر کے درمیان ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے جائیں گے۔
زمبابوے کرکٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر گیو مور ماکونی نے جاری بیان میں کہا کہ ہم آسٹریلیا کو زمبابوے میں خوش آمدید کہنے کے لیے پرجوش ہیں، یہ ایک انتہائی مسابقتی ون ڈے سیریز ثابت ہوگی۔ اس نوعیت کے میچز ایک ٹیم کے طور پر ہماری ترقی کے لیے بہت اہم ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2027 اب زیادہ دور نہیں ہے اور یہ دورہ ہمیں جنوبی افریقہ اور نمیبیا کے ساتھ مل کر ٹورنامنٹ کی میزبانی کی تیاریوں میں بھرپور مدد فراہم کرے گا۔
واضح رہے کہ فروری میں کولمبو، سری لنکا میں کھیلے گئے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے ایک میچ میں زمبابوے نے آسٹریلیا کو 23 رنز سے شکست دی تھی۔
میچوں کا شیڈول (بمقام ہرارے اسپورٹس کلب):
پہلا ون ڈے: 15 ستمبر
دوسرا ون ڈے: 18 ستمبر
تیسرا ون ڈے: 20 ستمبر