وزیراعظم سے ویون گروپ کے سربراہ کی ملاقات، سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتوں کی فراہمی کی یقین دہانی
- حکومت ڈیجیٹل آپریٹر انڈسٹری کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے، شہباز شریف
حکومت نے بدھ کو کہا ہے کہ پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) شعبے میں جدت لانے اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافے کیلئے مؤثر اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کررہا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس (پی ایم او) کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف اور ویون گروپ کے سی ای او کان ترزی اوغلو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک میں ڈیجیٹل آپریٹر انڈسٹری کے سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان میں فائیو جی اسپیکٹرم کی حالیہ کامیاب نیلامی اس شعبے میں جدت پسندی کی جانب ملک کی مثبت اور مؤثر سمت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ وفاقی حکومت تمام اداروں کے درمیان باہمی تعاون کے ذریعے بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے اور ان کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔
ویون گروپ کے سی ای او کان ترزی اوغلو نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شعبوں میں شفافیت اور سرمایہ کاری کو فروغ دینے کیلئے انتہائی مؤثر اقدامات کیے ہیں۔
انہوں نے ڈیجیٹل معیشت کے حصول اور فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے سلسلے میں پاکستان کی تیز رفتار ترقی کی بھی تعریف کی اور اسے قابلِ تحسین قرار دیا۔
اس سے قبل وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب کے ساتھ ایک ملاقات میں کان ترزی اوغلو اور جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے پاکستان کی بہتر ہوتی مجموعی معاشی صورتحال اور معیشت کے استحکام سے نمو کی طرف منتقلی پر تبادلہ خیال کیا۔
کان ترزی اوغلو نے کہا کہ پاکستان کا استحکام سے ترقی کی طرف سفر مستند اور بروقت ہے اور اس رفتار کو برقرار رکھنے میں ڈیجیٹل اسکیل کا کردار مرکزی ہوگا۔ مالی شمولیت کو بڑھانے، رسمی معیشت کو مضبوط بنانے اور طویل مدتی،سرمایہ کاری پر مبنی ترقی کیلئے یہاں ایک بڑا موقع موجود ہے۔