معین علی اور حسن علی کی شاندار کارکردگی، کراچی کنگز کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 14 رنز سے فتح
- معین علی آل راؤنڈ کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ قرار
معین علی کی جارحانہ آخری اوورز کی بیٹنگ اور حسن علی کی چار وکٹوں کی شاندار کارکردگی نے کراچی کنگز کو پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کے دوسرے میچ میں جمعہ کو قذافی اسٹیڈیم میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف 14 رنز سے سنسنی خیز فتح دلوا دی۔
182 رنز کے ہدف کے تعاقب میں گلیڈی ایٹرز مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز تک محدود رہے، حالانکہ شمیل حسین نے تیز رفتار نصف سنچری اسکور کی۔
کوئٹہ نے اننگز کا شاندار آغاز کیا، جہاں شمیل حسین اور کپتان سعود شکیل نے صرف سات اوورز میں 79 رنز جوڑے۔
شمیل حسین نے 24 گیندوں پر 52 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں پانچ چوکے اور چار چھکے شامل تھے، تاہم وہ سلمان علی آغا کی گیند پر آؤٹ ہو گئے۔
اس کے بعد گلیڈی ایٹرز کی اننگز کی رفتار تھم گئی اور وقفے وقفے سے وکٹیں گرتی رہیں، جن میں خواجہ نافع اور سعود شکیل شامل تھے، جنہوں نے 25 گیندوں پر 33 رنز کی محتاط اننگز کھیلی۔
بعد ازاں رلی روسو (25) اور حسن نواز نے مختصر مزاحمت کی، تاہم 16ویں اوور میں روسو کے آؤٹ ہونے سے ٹیم کی واپسی کی کوششیں بھی دم توڑ گئیں۔
حسن علی نے فیصلہ کن پینلٹیمیٹ اوور میں کھیل کا پانسہ کراچی کنگز کے حق میں پلٹ دیا، جہاں انہوں نے حسن نواز (19)، ٹام کرن اور احمد دانیال کو لگاتار آؤٹ کیا۔ بین میکڈرموٹ 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے، تاہم ٹیم کو ہدف تک نہ لے جا سکے۔
حسن علی نے 27 رنز کے عوض 4 وکٹوں کی شاندار کارکردگی کے ساتھ اننگز کا اختتام کیا، جبکہ ایڈم زمپا، معین علی اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل کراچی کنگز نے بیٹنگ کرتے ہوئے 7 وکٹوں کے نقصان پر 181 رنز بنائے، تاہم کوئی بھی بیٹر نصف سنچری مکمل نہ کر سکا۔
اننگز کا آغاز غیر مستحکم رہا جب محمد وسیم بغیر کوئی رن بنائے الزاری جوزف کا شکار بنے۔ بعد ازاں سلمان علی آغا (10 گیندوں پر 22 رنز) اور کپتان ڈیوڈ وارنر کے درمیان 41 رنز کی تیز شراکت نے اننگز کو سہارا دیا۔
وارنر نے پھر سعد بیگ کے ساتھ 43 رنز جوڑے، تاہم دونوں جلد ہی آؤٹ ہو گئے، جس سے 10.3 اوورز میں کنگز کا اسکور 4 وکٹوں کے نقصان پر100 رنز ہو گیا۔ وارنر نے 22 گیندوں پر 35 جبکہ بیگ نے 23 گیندوں پر 30 رنز بنائے۔
مڈل آرڈر ایک بار پھر لڑکھڑا گیا اور اعظم خان 14 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، تاہم معین علی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 29 گیندوں پر ناقابل شکست 48 رنز بنا کر اننگز کو سنبھالا، جس میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔ انہوں نے خوشدل شاہ (12) کے ساتھ 39 رنز کی اہم شراکت بھی قائم کی۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے احمد دانیال نے 36 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرکے شاندار کارکردگی دکھائی، جبکہ الزاری جوزف نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ عثمان طارق اور ابرار احمد نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
اس فتح کے ساتھ کراچی کنگز نے ٹورنامنٹ میں ابتدائی برتری حاصل کر لی ہے، جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز مضبوط آغاز کے باوجود شکست کے بعد دوبارہ حکمت عملی ترتیب دینے کی کوشش کریں گے۔