دنیا

بھارت: ریاست اوڈیشا کے اسپتال میں آتشزدگی، کم از کم 10 مریض ہلاک، 5 شدید زخمی

  • ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ معلوم ہوتی ہے، وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی
شائع March 16, 2026 اپ ڈیٹ March 16, 2026 11:20am

بھارتی ریاست اوڈیشا کے ایک اسپتال میں آگ لگنے سے کم از کم 10 مریض ہلاک ہوگئے۔

حکام کے مطابق پیر کو مشرقی بھارتی ریاست اوڈیشا کے ایک اسپتال کے ٹراما کیئر یونٹ میں آگ لگنے سے کم از کم 10 افراد ہلاک ہوگئے، واقعے میں پانچ افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ ان کے زخموں کی وجہ آگ تھی یا وہ پہلے سے لگی چوٹوں کے باعث تشویشناک حالت میں تھے۔

وزیر اعلیٰ موہن چرن ماجھی نے اسپتال کا دورہ کرنے کے بعد صحافیوں کو بتایا کہ ابتدائی طور پر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ تھی۔

آگ لگنے کے وقت آئی سی یو میں کم از کم 23 مریض زیر علاج تھے، جن میں سے 10 مریض اس وقت دم توڑ گئے جب انہیں بچانے کیلئے کسی محفوظ مقام پر منتقل کیا جارہا تھا۔

وزیراعلیٰ موہن چرن ماجھی نے بتایا کہ طبی عملے اور سیکیورٹی اہلکاروں نے مریضوں کو بچانے کے لیے اپنی جانیں خطرے میں ڈال دیں، اس دوران وہ خود بھی زخمی ہوئے اور اب وہ بھی زیر علاج ہیں۔