پاکستان

پاکستان اور کے ایف ڈبلیو نے پن بجلی اور قابل تجدید توانائی کے فروغ کے لیے 18 ملین یورو گرانٹ معاہدے پر دستخط کر دیئے

  • گرانٹ کی مدد سے شمالی علاقوں میں صاف اور گرین انرجی کی ترقی میں مدد ملے گی
شائع March 13, 2026 اپ ڈیٹ March 13, 2026 11:32pm

پاکستان اور جرمن حکومت کے ترقیاتی بینک کے ایف ڈبلیو نے جمعے کو ملک کے شمالی علاقوں میں پن بجلی اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں کو فروغ دینے کے لیے 18 ملین یورو کے گرانٹ معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔

وزارت اکانومی افیئرز کے جاری کردہ بیان کے مطابق اس معاہدے پر سیکرٹری اکانامک افیئرز ڈویژن محمد حمیر کریم اور کے ایف ڈبلیو کنٹری ڈائریکٹر سیبیسٹین یعقوبی نے دستخط کئے ہیں۔

معاہدے کے تحت یہ گرانٹ معاونت شمالی علاقوں میں دستیاب آبی وسائل کو استعمال کرتے ہوئے صاف اور گرین انرجی کی ترقی کی حمایت کرے گی، جس کا مقصد مقامی کمیونٹیوں کی زندگیوں اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانا ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کریم نے جرمن حکومت کا مالی تعاون فراہم کرنے پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ یہ پہل علاقے کی بڑھتی ہوئی توانائی کی ضروریات کو ماحول دوست حل کے ذریعے پورا کرنے میں مدد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مقامی آبادیوں کے فائدے کے لیے ترقیاتی اقدامات میں سرمایہ کاری کے سلسلے میں جرمنی کے مسلسل تعاون کی قدر کرتی ہے اور مستقبل میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کی امید ظاہر کی۔

یعقوبی نے کہا کہ یہ گرانٹ شمالی علاقوں میں مقیم لوگوں کو پائیدار اور گرین انرجی تک رسائی فراہم کرنے میں مدد دے گی، جس سے سماجی و اقتصادی ترقی میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ پہل روزگار کے مواقع پیدا کرے گی اور خطے میں سیاحت کو فروغ دینے میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔