پاکستان

کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر تصادم، 9 افراد جاں بحق، 12 سے زائد زخمی

  • ہجوم کو منتشر کرنے اور امن و امان کی بحالی کے لیے کوششیں جاری ہیں، پولیس
شائع March 1, 2026 اپ ڈیٹ March 1, 2026 01:56pm

کراچی میں اتوار کو مائی کولاچی روڈ پر واقع امریکی قونصل خانے کے باہر مظاہرین اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں کے درمیان ہونے والے پرتشدد تصادم میں کم از کم نو افراد ہلاک اور 12 سے زائد زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 سندھ کے مطابق یہ تصادم اس وقت شروع ہوا جب مظاہرین نے قونصل خانے کی حدود میں داخل ہونے کی کوشش کی، جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان حسان الحسیب نے بزنس ریکارڈر کو بتایا کہ زخمیوں کو سول اسپتال کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ 10 مظاہرین کی حالت تشویشناک ہے۔

ایک الگ بیان میں ایدھی ریسکیو سروس نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں نے ہجوم کو منتشر کرنے اور صورتحال پر قابو پانے کے لیے آنسو گیس کی شیلنگ اور لاٹھی چارج کا استعمال کیا۔

صوبائی وزیرِ داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار نے پولیس حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی ہے اور حساس تنصیبات پر سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت دی ہے۔

ضیا الحسن لنجار نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔