کھیل

آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم سینڈ پیپر گیٹ اسکینڈل کے بعد پہلی بار کیپ ٹاؤن میں کھیلے گی

  • دونوں ٹیمیں 27 اکتوبر سے شروع ہونے والے تین میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی
شائع February 24, 2026 اپ ڈیٹ February 24, 2026 02:32pm

آسٹریلوی ٹیسٹ ٹیم 2018 کے بدنامِ زمانہ سینڈ پیپر گیٹ بال ٹیمپرنگ اسکینڈل کے بعد پہلی مرتبہ کیپ ٹاؤن کے میدان میں واپس لوٹے گی۔ دونوں ٹیمیں 27 اکتوبر سے شروع ہونے والے تین میچوں کی سیریز کے آخری ٹیسٹ میں ایک دوسرے کے مدمقابل ہوں گی۔

اگرچہ آسٹریلیا نے اس دوران جنوبی افریقہ میں وائٹ بال(محدود اوورز) کے میچز کھیلے ہیں لیکن نیولینڈز کے اس واقعے کے بعد سے آسٹریلیا نے جنوبی افریقہ میں کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں کھیلی۔ اس اسکینڈل کے نتیجے میں اسٹیو اسمتھ، ڈیوڈ وارنر اور کیمرون بینکرافٹ پر طویل پابندیاں عائد کی گئی تھیں۔

ڈیوڈ وارنر اب بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو چکے ہیں اور بینکرافٹ نے چھ سال سے زائد عرصے سے کوئی ٹیسٹ نہیں کھیلا، تاہم ٹاپ آرڈر بلے باز اسٹیو اسمتھ اب بھی ٹیسٹ ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔

اسمتھ اس وقت آسٹریلیا کے کپتان تھے جب ٹی وی کیمروں نے نیولینڈز ٹیسٹ کے تیسرے روز بینکرافٹ کو گیند پر سینڈ پیپر رگڑتے ہوئے پکڑا تھا، جس کے بعد کرکٹ آسٹریلیا نے تحقیقات کا آغاز کیا تھا۔

بعد ازاں اسمتھ سے کپتانی چھین لی گئی اور ان پر دو سال تک قیادت کے کسی بھی عہدے کے لیے پابندی لگا دی گئی۔ دوسری جانب ڈیوڈ وارنر کو کرکٹ آسٹریلیا نے اس واقعے کا مرکزی کردار قرار دیتے ہوئے قیادت کے لیے تاحیات نااہل قرار دیا تھا، حالانکہ یہ پابندی 2024 میں ختم کر دی گئی تھی۔

جنوبی افریقہ نے نیولینڈز میں کھیلا گیا وہ میچ 322 رنز سے جیتا تھا اور سیریز 3-1 سے اپنے نام کی تھی۔ اب آسٹریلیا ستمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف تین ون ڈے میچز کھیلے گا، جس کے بعد 9 اکتوبر سے ڈربن میں ٹیسٹ سیریز کا آغاز ہوگا۔ دوسرا ٹیسٹ 18 اکتوبر سے گیبیرہا میں کھیلا جائے گا۔