برٹش کولمبیا میں فائرنگ، مشتبہ حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک
- رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے مطابق چھ افراد کی لاشیں ٹمبلر رج کے ایک ہائی اسکول کے اندر سے ملیں، جبکہ دو افراد ایک رہائش گاہ سے مردہ پائے گئے
کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے شمال مشرقی علاقے میں منگل کے روز فائرنگ کے ایک افسوسناک واقعے میں مشتبہ حملہ آور سمیت 10 افراد ہلاک ہو گئے۔ رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس کے مطابق چھ افراد کی لاشیں ٹمبلر رج کے ایک ہائی اسکول کے اندر سے ملیں، جبکہ دو افراد ایک رہائش گاہ سے مردہ پائے گئے جسے واقعے سے منسلک سمجھا جا رہا ہے۔ ایک اور زخمی شخص اسپتال منتقل کیے جانے کے دوران دم توڑ گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ایک مشتبہ حملہ آور بھی مردہ حالت میں ملا جس کی موت بظاہر خود کو پہنچائی گئے زخم کے باعث ہوئی۔ حکام کے مطابق فی الحال کسی اور مشتبہ شخص کی تلاش نہیں اور نہ ہی عوام کے لیے کسی جاری خطرے کی اطلاع ہے۔
ٹمبلر رج ایک دور افتادہ قصبہ ہے جس کی آبادی تقریباً 2,400 افراد پر مشتمل ہے۔ یہ راکی پہاڑی سلسلے کے دامن میں واقع ہے اور وینکوور سے تقریباً 1,155 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔
پولیس کے مطابق مزید 25 افراد کو معمولی یا ممکنہ زخمی حالت میں مقامی طبی مرکز میں معائنے کے لیے منتقل کیا گیا ہے۔
برٹش کولمبیا کی وزیر برائے عوامی تحفظ نینا کریگر نے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ ان کی ہمدردیاں ٹمبلر رج کے شہریوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انہوں نے مقامی میئر اور رکنِ صوبائی اسمبلی سے بات کی ہے اور ضرورت پڑنے پر پولیس کو ہر ممکن اضافی معاونت فراہم کی جائے گی۔ واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔