کاروبار اور معیشت

کے-الیکٹرک بورڈ نے سی ای او مونس علوی کا استعفیٰ منظور کر لیا، نئے سربراہ کیلئے 3 امیدوار شارٹ لسٹ

  • شارٹ لسٹ کیے گئے تینوں امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے اور انہیں توانائی اور فنانس کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے
شائع February 6, 2026 اپ ڈیٹ February 6, 2026 08:53am

ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ کے الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین مارک جیرڈ سکیلٹن نے چیف ایگزیکٹو آفیسر مونس علوی کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق کے-الیکٹرک کے نئے سی ای او کے عہدے کے لیے 3 امیدواروں کے ناموں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔ شارٹ لسٹ کیے گئے تینوں امیدواروں کا تعلق کراچی سے ہے اور انہیں توانائی اور فنانس کے شعبوں میں وسیع تجربہ حاصل ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کے-الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کا اجلاس آئندہ ہفتے متوقع ہے، جبکہ بورڈ کے انتخابات ماہِ رمضان کے دوران ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق نئے بورڈ کے قیام کے بعد ہی اگلے سی ای او کی تقرری سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔

اس دوران موجودہ بورڈ شارٹ لسٹ امیدواروں کے انٹرویوز کرے گا اور اپنی سفارشات آنے والے بورڈ کو پیش کرے گا۔

کے-الیکٹرک کے بورڈ میں مجموعی طور پر 13 ارکان شامل ہیں، تاہم 3 نشستیں طویل عرصے سے خالی ہیں۔

مونس علوی کے استعفے کے بعد بورڈ کے فعال ارکان کی تعداد کم ہو کر 9 رہ گئی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سی ای او کے استعفے کے بعد کے-الیکٹرک کے ہیڈ آفس میں بے یقینی کی فضا پیدا ہو گئی ہے، جبکہ اعلیٰ حکام کمپنی کے مستقبل کے لائحہ عمل پر تشویش کا اظہار کر رہے ہیں۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر، 2026