انٹربینک: ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید تگڑا

  • ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی مزید بہتری سے 279.75 روپے پر بند
شائع February 3, 2026 اپ ڈیٹ February 3, 2026 08:02pm

انٹربینک مارکیٹ میں منگل کو بھی ڈالرکی نسبت روپیہ مزید مضبوط ہوگیا۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی مزید بہتری سے 279.75 روپے پر بند ہوا۔

یادرہے کہ پیر کو مقامی کرنسی 279.76 روپے پر بند ہوئی تھی۔

عالمی سطح پر منگل کو ڈالر کی قدر میں استحکام برقرار رہا کیونکہ مثبت معاشی اعدادوشمار اور فیڈرل ریزرو کی پالیسی کے حوالے سے بدلتی ہوئی توقعات امریکی حکومت کی ممکنہ بندش (شٹ ڈاؤن) کے خدشات پر غالب آگئیں۔

آسٹریلوی ڈالر کی قدر میں ملک کے مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں متوقع اضافے سے قبل اضافہ دیکھا گیا جو کہ اس ہفتے کے تین بڑے مرکزی بینکوں کے فیصلوں میں سے پہلا فیصلہ ہے۔

جاپانی ین کی قدر بدستور کم رہی کیونکہ جاپانی وزیر خزانہ نے وزیر اعظم کے اس بیان کے اثرات کو کم کرنے کی کوشش کی جس میں کہا گیا تھا کہ کرنسی کی قدر میں کمی کے کچھ فوائد بھی ہیں۔

امریکی مینوفیکچرنگ ڈیٹا کی جانب سے ترقی کی واپسی کے اشارے ملنے کے بعد راتوں رات ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا، اگرچہ واشنگٹن میں سیاسی تعطل کی وجہ سے ملازمتوں کی اہم رپورٹ میں تاخیر کا خدشہ ہے۔

دوسری جانب امریکہ اور بھارت کے درمیان تجارتی معاہدے اور ایران کے ساتھ ایٹمی مذاکرات کی بحالی کے اعلان کے بعد جغرافیائی سیاسی تناؤ میں کمی آئی ہے۔

نیشنل آسٹریلیا بینک کے کرنسی اسٹریٹیجسٹ روڈریگو کیٹرل نے ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کی مقامی صورتحال، خاص طور پرآئی ایس ایم کے حیران کن اعداد و شمار، ڈالر کے لیے معاون ثابت ہوئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کے ساتھ تجارتی معاملہ دلچسپ ہے، لیکن اصل اہمیت اس بات کی ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان تناؤ بظاہر کم ہو رہا ہے اور صدر ٹرمپ کے دباؤ اور دھمکیوں کے باعث بالآخر ایران مذاکرات کی میز پر آ گیا ہے۔

ڈالر انڈیکس، جو دیگر اہم کرنسیوں کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کی پیمائش کرتا ہے، دو روزہ اضافے کے بعد 97.50 پر مستحکم رہا۔ یورو کی قدر میں 0.1% اضافہ ہوا جو 1.1804 ڈالر تک پہنچ گیا، جبکہ جاپانی ین بھی 0.1% اضافے کے ساتھ 155.53 فی ڈالر پر آگیا۔

ڈالرکا انٹربینک ریٹ

قیمت خرید: 279.75 روپے

قیمت فروخت: 279.95 روپے

اوپن مارکیٹ میں ڈالر مستحکم

اوپن مارکیٹ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت خرید 280.24 اور قیمت فروخت 280.80 روپے پر مستحکم رہیں۔

یورو کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری دیکھی گئی۔ یورو کی قیمت خرید میں 1.61 روپے اور قیمت فروخت میں 1.46 روپے کا اضافہ ہواجس کے بعد یہ بالترتیب 330.55 اور 333.74 پر بند ہوا۔

متحدہ عرب امارات کے درہم کے مقابلے میں روپے کی قیمت خرید میں 3 پیسے اور قیمت فروخت میں 4 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یہ بالترتیب 76.50 اور 77.19 پر بند ہوا۔

سعودی ریال کے مقابلے میں روپے کی قیمت خرید میں 2 پیسے کی کمی واقع ہوئی جبکہ قیمت فروخت مستحکم رہی، یوں یہ بالترتیب 74.82 اور 75.37 پر بند ہوا۔