کشن کی طوفانی بیٹنگ، بھارت نے نیوزی لینڈ کو روند ڈالا
- کشن کی 43 گیندوں پر 10 چھکوں سے بھرپور 103 رنز کی دھواں دھار اننگز کی بدولت بھارت نے 5 وکٹوں پر 271 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا
ایشان کشن کی محض 42 گیندوں پر برق رفتار سنچری کی بدولت بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل اپنی بیٹنگ کی طاقت کا بھرپور مظاہرہ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کو پانچویں میچ میں 46 رنز سے شکست دے کر سیریز 4-1 سے اپنے نام کر لی۔
تھروواننت پورم کے گرین فیلڈ اسٹیڈیم میں کشن نے 43 گیندوں پر 10 چھکوں کی مدد سے 103 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس کی بدولت بھارت نے 271 رنز کا پہاڑ جیسا مجموعہ کھڑا کیا۔ کپتان سوریا کمار یادو نے 63 اور ہاردک پانڈیا نے 17 گیندوں پر 42 رنز بنا کر اس اسکور میں اہم حصہ ڈالا۔
جواب میں نیوزی لینڈ کے فن ایلن نے 80 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو امید دلائی، لیکن ارشدیپ سنگھ کی تباہ کن بولنگ نے کیوی بیٹنگ لائن کو بکھیر دیا۔ ارشدیپ نے 51 رنز دے کر 5 وکٹیں حاصل کیں، جو ان کے کیریئر کی بہترین کارکردگی ہے۔ اسپنر اکشر پٹیل نے بھی 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم آخری اوور میں 225 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔