پاکستان

خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش اور برف باری کا الرٹ

سڑکوں پر پھسلن، ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ، عوام احتیاطی تدابیر اختیار کریں، این ای او سی
شائع January 26, 2026 اپ ڈیٹ January 26, 2026 12:46pm

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر کے متعدد علاقوں میں ممکنہ بارش اور برف باری کا الرٹ جاری کردیا ہے۔

این ای او سی نے پریس ریلیز میں کہا کہ آئندہ 12 گھنٹوں کے دوران خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے بیشتر اضلاع میں بارش متوقع ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، مالاکنڈ، کرم، وزیرستان، مانسہرہ، مہمند، بونیر، ہری پور، ایبٹ آباد، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، کرک، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور کوہاٹ میں بارش کا امکان ہے۔

این ای او سی کے مطابق گلگت بلتستان میں گلگت، استور، غذر، دیامر، اسکردو، ہنزہ اور شگر کے علاقوں میں بارش کی توقع ہے جبکہ پہاڑی علاقوں میں برف باری کا بھی امکان ہے۔

آزاد کشمیر میں باغ، مظفرآباد، پونچھ، حویلی، کوٹلی، بھمبر اور نیلم کے علاقوں میں بارش کی توقع ہے جب کہ بالائی مقامات پر برف باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

بارش اور برف باری کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن اور ٹریفک کی روانی میں خلل کا خدشہ ہے۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ عوام برف باری اور بارش کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

ممکنہ خطرات کے پیشِ نظر متعلقہ محکموں کو ریسکیو (امدادی کارروائیوں) اور سڑکوں کی بحالی کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے کہا ہے کہ وہ عوام اور متعلقہ اداروں کو صورتحال اور ممکنہ خطرات کے بارے میں پیشگی معلومات کی فراہمی کو یقینی بنا رہا ہے۔