میڈ ان پاکستان ایس ایم ای کلسٹر ایکسپو کا آغاز
- ایس ایم ای ایکسپو ملکی مصنوعات کی برآمدی صلاحیت دکھانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، ہارون اختر خان
وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے ہفتے کو ایکسپو سینٹر لاہور میں پاکستان کی پہلی قومی ایس ایم ای کلسٹر نمائش میڈ ان پاکستان ایس ایم ای کلسٹر شوکیس ایکسپو 2026 کا افتتاح کر دیا۔
وزارتِ صنعت و پیداوار کی زیرِ نگرانی اور سمیڈا کے زیرِ اہتمام منعقدہ یہ تین روزہ نمائش کلسٹر پر مبنی پویلینز اور اسٹالز پر مشتمل ہے۔ اس ایونٹ میں بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی)، بزنس ٹو گورنمنٹ (بی ٹو جی) اور بزنس ٹو انسٹی ٹیوشن (بی ٹوون) نیٹ ورکنگ، پالیسی ڈائیلاگ، تکنیکی سیشنز اور ایس ایم ای ایوارڈز کی تقریب بھی شامل ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہارون اختر خان نے کہا کہ یہ نمائش ملک بھر کے ایس ایم ای کلسٹرز کی طاقت، تنوع اور برآمدی صلاحیتوں کو ظاہر کرنے کے لیے ایک مرکزی قومی پلیٹ فارم ثابت ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم شہباز شریف کے معاشی وژن کے مطابق ’ڈیٹا پر مبنی‘ ترقی کی جانب ایک اہم موڑ ہے۔
اس نمائش کا مقصد چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کو منظم طریقے سے مارکیٹ میں پیش کرنا اور انہیں سرمایہ کاری اور ادارہ جاتی تعاون سے جوڑنا ہے۔