پاکستان

وزیرِاعظم کا ون چائنا پالیسی اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک اتحاد کے عزم کا اظہار

  • شہباز شریف کی چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان سے ملاقات
شائع January 15, 2026 اپ ڈیٹ January 16, 2026

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے جمعرات کو وزیرِ اعظم ہاؤس میں چینی کمیونسٹ پارٹی کے بین الاقوامی شعبے کی نائب وزیر سن ہائی یان’ سے ملاقات کے دوران چین کے ساتھ پاکستان کی ”آہنی“ اور ہمہ وقت تزویراتی تعاون کی شراکت داری کی توثیق کی۔

وزیرِ اعظم نے چینی عہدیدار اور ان کے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے نوٹ کیا کہ یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب پاکستان اور چین اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75 ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال کا آغاز اعلیٰ سطح کے رابطوں سے ہوا ہے، جس میں نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کا دورہ بیجنگ اور وزیرِ داخلہ کا دورہ شنگھائی شامل ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی بھی آنے والے دنوں میں چین کا دورہ کریں گے۔

شہباز شریف نے صدر شی جن پنگ اور چینی قیادت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ’ون چائنا پالیسی پر پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان کے لیے چین کی مسلسل حمایت، خاص طور پر چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے تحت تعاون کو سراہا اور سی پیک منصوبوں کے اگلے مرحلے پر بروقت عملدرآمد کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیرِ اعظم نے صدر شی جن پنگ کو اس سال پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی اپنی مخلصانہ دعوت کا اعادہ کیا اور اسے دوطرفہ تعلقات کے لیے ایک سنگِ میل کا سال قرار دیا۔

سن ہائی یان نے پرتپاک استقبال پر وزیرِ اعظم کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین تمام شعبوں میں پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ اور آزمودہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے ملک میں معاشی اور سیاسی استحکام لانے پر وزیرِ اعظم کو مبارکباد دی اور کہا کہ چینی قوم پاکستان کی سفارتی کامیابیوں پر فخر محسوس کرتی ہے۔

انہوں نے وزیرِ اعظم کو چینی کمیونسٹ پارٹی اور پاکستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے درمیان مضبوط روابط کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور موثر طرزِ حکمرانی کے لیے سیاسی اتحاد کو فروغ دینے میں ان کے قائدانہ کردار کی تعریف کی۔

قبل ازیں نائب وزیر سن ہائی یان نے نائب وزیرِ اعظم اور وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار سے بھی ملاقات کی، جس میں دونوں فریقین نے پاک چین تعلقات، علاقائی صورتحال اور سیاسی جماعتوں کے درمیان تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں کو بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔