ٹیکنالوجی

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک اور ویزا کا کارڈ پر مبنی ادائیگیوں کے فروغ کے لیے اشتراک

  • معاہدے میں مارکیٹنگ، صارفین کو فعال بنانے، تاجروں کی سہولت کاری، تربیت اور ٹیکنالوجی میں بہتری کے لیے مشترکہ اقدامات بھی شامل
شائع اپ ڈیٹ

عالمی ڈیجیٹل ادائیگیوں کی کمپنی ویزا اور ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک نے پاکستان اور بین الاقوامی منڈیوں میں کارڈ پر مبنی ڈیجیٹل لین دین کے فروغ کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری قائم کر لی ہے، جس کا اعلان منگل کو کیا گیا۔

معاہدے کے تحت دونوں فریق ویزا برانڈڈ ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کے اجرا اور استعمال میں اضافے کے لیے باہمی تعاون کو مضبوط کریں گے، جبکہ فزیکل اور ڈیجیٹل مرچنٹ چینلز میں محفوظ اور ہموار لین دین کو ممکن بنانے پر توجہ دی جائے گی۔

شراکت داری کے تحت ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک پریمیم ڈیبٹ کارڈز، کریڈٹ کارڈز اور سرحد پار ادائیگیوں سے متعلق اقدامات متعارف کرا کر کارڈ ہولڈرز کے تجربے کو بہتر بنانے کا منصوبہ رکھتا ہے۔

اس اشتراک کا مقصد پوائنٹ آف سیل (پی او ایس)، ای کامرس اور اے ٹی ایم چینلز کے ذریعے بین الاقوامی لین دین میں کارڈز کے استعمال کو فروغ دینا بھی ہے۔

معاہدے میں کارڈز کی وسیع تر قبولیت اور استعمال کی حمایت کے لیے مارکیٹنگ، صارفین کو فعال بنانے، تاجروں کی سہولت کاری، تربیت اور ٹیکنالوجی میں بہتری سے متعلق مشترکہ اقدامات بھی شامل ہیں۔

اس موقع پر ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک کے صدر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جہانزیب خان نے کہا کہ یہ شراکت داری بینک کو ویزا کے عالمی ادائیگی نیٹ ورک، جدید ٹرانزیکشن پروسیسنگ صلاحیتوں اور سیکیورٹی معیارات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کرے گی، جس کے ذریعے ہموار ادائیگیوں کا تجربہ فراہم کیا جا سکے گا اور ملک بھر میں مرچنٹ ایکسیپٹنس کو وسعت دی جا سکے گی۔

ویزا کے پاکستان اور افغانستان کے لیے کنٹری مینیجر عمر ایس خان نے کہا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب منتقلی میں تیزی آ رہی ہے، اور ایزی پیسہ کا وسیع نیٹ ورک—جو تقریباً ہر پانچ میں سے ایک پاکستانی کو خدمات فراہم کر رہا ہے—ڈیجیٹل ادائیگی حل کے وسیع تر فروغ کی صلاحیت کو اجاگر کرتا ہے۔

اس تعاون کے ذریعے دونوں اداروں نے پاکستان کے ڈیجیٹل ادائیگی نظام کو مضبوط بنانے، مالی شمولیت کے فروغ اور ایک محفوظ اور کم نقد معیشت کی تشکیل کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

ایزی پیسہ ڈیجیٹل بینک اس وقت تقریباً ہر پانچ میں سے ایک پاکستانی کو خدمات فراہم کر رہا ہے، جن میں خواتین صارفین کا تناسب 31 فیصد ہے۔ پلیٹ فارم نے 2025 کے دوران 4.5 ارب سے زائد لین دین پراسیس کیے، جن کی مجموعی مالیت 15 کھرب روپے سے تجاوز کر گئی، جو پاکستان کی مجموعی قومی پیداوار کے تقریباً 13 فیصد کے برابر ہے۔

ایزی پیسہ پاکستان کا پہلا ڈیجیٹل بینک ہے، جسے ٹیلینور گروپ اور اینٹ گروپ کی حمایت حاصل ہے۔