ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل پاکستانی نژاد امریکی کرکٹرز کو بھارت کا ویزوں کے اجراء سے انکار
- فاسٹ باؤلر علی خان نے یو ایس اے کے بیٹر شایان جہانگیر کے ساتھ تصویر شیئر کر کے سوشل میڈیا پر یہ مسئلہ اٹھا دیا
آئی سی سی مینز ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 سے قبل پاکستانی نژاد امریکی کرکٹرز علی خان اور شایان جہانگیر کو بھارتی ویزوں سے محروم کر دیا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق ورلڈ کپ 7 فروری سے 8 مارچ تک بھارت میں شیڈول ہے۔
فاسٹ باؤلر علی خان نے سوشل میڈیا پر یو ایس اے کے بیٹر شایان جہانگیر کے ساتھ ایک تصویر پوسٹ کر کے اس مسئلے کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ بھارتی ویزا مسترد ہو گیا لیکن کے ایف سی جیت گیا۔ یہ پوسٹ تیزی سے وائرل ہو گئی اور اس نے پاکستانی نژاد کھلاڑیوں کو درپیش ویزا رکاوٹوں کی طرف عالمی توجہ مبذول کرائی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مسئلہ صرف امریکی ٹیم تک محدود نہیں ہے۔ اٹلی، عمان، متحدہ عرب امارات، کینیڈا اور امریکہ سمیت کئی ایسوسی ایٹ ممالک کے ایسے کھلاڑی جو پاکستانی نژاد ہیں یا دہری شہریت رکھتے ہیں انہیں بھارتی ویزا حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ ان ممالک کے کرکٹ بورڈز نے رہنمائی کے لیے باضابطہ طور پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کیا ہے، تاہم رپورٹس کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی جانب سے اب تک کوئی یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
ورلڈ کپ کے لیے امریکی اسکواڈ میں چار کھلاڑی پاکستانی نژاد ہیں۔ 35 سالہ علی خان پاکستان میں پیدا ہوئے اور وہ امریکہ کے لیے 15 ون ڈے اور 18 ٹی 20 میچز کھیل چکے ہیں۔ کراچی میں پیدا ہونے والے 31 سالہ شایان جہانگیر امریکہ کے لیے 32 ون ڈے کھیل کر دو سنچریاں اسکور کر چکے ہیں۔
اس کے علاوہ سابق پاکستانی انٹرنیشنل کرکٹر احسان عادل جنہوں نے پاکستان کے لیے تین ٹیسٹ اور چھ ون ڈے کھیلے وہ بھی اس ورلڈ کپ میں امریکہ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے ہیں۔ پشاور سے تعلق رکھنے والے محمد محسن جو پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کر چکے ہیں وہ بھی امریکی اسکواڈ کا حصہ ہیں۔
امریکی ٹیم اپنا دوسرا ٹی 20 ورلڈ کپ کھیلے گی، 2024 کے ورلڈ کپ میں امریکہ نے پاکستان کو سپر اوور میں شکست دے کر سب کو حیران کر دیا تھا۔ گروپ اے میں شامل امریکہ کا پہلا میچ 7 فروری کو میزبان بھارت کے خلاف ہے، جس کے بعد 10 فروری کو اس کا مقابلہ پاکستان سے ہوگا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے لیے یو ایس اے کا اسکواڈ:
مونانک پٹیل (کپتان)، جیسی سنگھ (نائب کپتان)، احسان عادل، اینڈریز گوس، شایان جہانگیر، شیہان جے سوریا، آرون جونز، نوتھش کنجیگے، علی خان، سنجے کرشنا مورتی، ملند کمار، محمد محسن، سائی مکاملا، سوربھ نیتراولکر، شبھم رانجنے، ہرمیت سنگھ، روشیل یوگارکر اور شیڈلی وان شالک وِک۔