پاکستان

اسلام آباد، شادی کے گھر میں گیس سلنڈر دھماکہ، نوبیاہتا جوڑے سمیت 8 افراد جاں بحق، 11 زخمی

  • دھماکہ تقریباً صبح 2 بجے جی-7/2 سیکٹر میں ایک رہائشی عمارت کے اندر ہوا، جہاں شادی کی تقریب جاری تھی
شائع January 11, 2026 اپ ڈیٹ January 11, 2026 02:08pm

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اتوار کی صبح سویرے ایک شادی کے گھر میں گیس سلنڈر کے دھماکے کے نتیجے میں نوبیاہتا جوڑے سمیت کم از کم آٹھ افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہو گئے۔

دھماکا تقریباً دو بجے جی سیون ٹو سیکٹر میں واقع ایک رہائشی عمارت کے اندر اس وقت ہوا جب وہاں شادی کی تقریب جاری تھی۔ زور دار دھماکے سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور قریب موجود گھروں کو بھی نقصان پہنچا۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن نے بتایا کہ ملبے تلے پھنسے تمام 19 افراد کو ریسکیو آپریشن کے دوران نکال لیا گیا۔

زخمیوں کو طبی امداد کے لیے پاکستان انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) منتقل کر دیا گیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق دھماکے کے باعث ارد گرد کے کم از کم چار گھروں کو نقصان پہنچا ہے۔

حکام نے تصدیق کی ہے کہ ریسکیو آپریشن مکمل کر لیا گیا ہے اور دھماکے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔