بھارت کے تلک ورما انجری کے باعث تین ہفتوں کے لیے باہر، سرجری مکمل
بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) نے بتایا ہے کہ بھارت کے مایہ ناز بلے باز تلک ورما ’گروئن‘ (پیٹ کے نچلے حصے اور ران کے جوڑ) کی تکلیف کی سرجری کے بعد تقریباً تین ہفتوں کے لیے کرکٹ سے دور ہو گئے ہیں۔
بدھ کوہونے والی اس سرجری کے بعد ورما 21 سے 25 جنوری کے درمیان نیوزی لینڈ کے خلاف ہونے والے پہلے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں سے باہر ہو گئے ہیں۔ یہ سرجری بھارت میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ سے ٹھیک ایک ماہ قبل ہوئی ہے۔
بی سی سی آئی نے اپنے بیان میں کہا کہ انہیں جمعرات کی صبح اسپتال سے فارغ کر دیا گیا ہے اور وہ جمعہ کو حیدرآباد واپس روانہ ہوں گے۔ ان کی حالت مستحکم ہے اور وہ تیزی سے بہتری کی طرف گامزن ہیں۔
23 سالہ تلک ورما اب تک بھارت کی جانب سے 40 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیل چکے ہیں اور اس فارمیٹ کے اپنے آخری تین میچوں میں دو نصف سنچریاں اسکور کر کے بہترین فارم میں تھے۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پانچ میچوں کی سیریز کے آخری دو میچوں (28 اور 31 جنوری) میں ان کی واپسی کا انحصار ان کی صحت یابی کی رفتار پر ہوگا۔
واضح رہے کہ تلک ورما کو اتوار سے شروع ہونے والی نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کے لیے بھارتی اسکواڈ میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔ بھارت اپنی میزبانی میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنے اعزاز کا دفاع 7 فروری کو امریکہ کے خلاف میچ سے شروع کرے گا۔