پاکستان

وزیراعظم شہباز شریف کی رمضان المبارک کے لیے مؤثر پیکیج تیار کرنے کی ہدایت

  • مستحقین کی عزتِ نفس یقینی بنانے کے لیے رمضان پیکیج کی امداد ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے تقسیم کرنے کا حکم
شائع January 9, 2026 اپ ڈیٹ January 9, 2026 01:59pm

وزیراعظم شہباز شریف نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ آنے والے رمضان المبارک کے لیے گزشتہ سال کے مقابلے میں زیادہ مؤثر اور فائدہ مند پیکیج تیار کیا جائے۔

جمعہ کو اسلام آباد میں رمضان پیکیج کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غریب اور عام آدمی کی مالی معاونت اور سماجی بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم آفس(ایم پی او) کے مطابق وزیراعظم نے خصوصی ہدایات دیں کہ رمضان پیکیج کے تحت امداد کی تقسیم ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے کی جائے ، تاکہ مستحقین کی عزتِ نفس اور وقار کو برقرار رکھا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈیجیٹل والٹس کے ذریعے امداد کی فراہمی ’کیش لیس‘ (نقدی کے بغیر) معیشت کے حصول کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہوگی۔

وزیراعظم آفس کے مطابق شہباز شریف نے کہا کہ تمام متعلقہ وزارتیں اور محکمے اس بات کو یقینی بنائیں کہ امداد کی تقسیم میں زیادہ سے زیادہ مستحق افراد کو شامل کیا جائے۔ انہوں نے مؤثر نگرانی کے لیے ڈیجیٹل ڈیش بورڈ اور منظم مانیٹرنگ سسٹم نافذ کرنے کا بھی حکم دیا۔

وزیراعظم نے گزشتہ سال کے رمضان پیکیج کی شفافیت پر تمام متعلقہ محکموں اور وزارتوں کی کارکردگی کو سراہا، جس کی تصدیق ایک معتبر آڈٹ فرم کی رپورٹ میں بھی کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ سال سے ایک شفاف نظام قائم کیا ہے جس کے تحت غریبوں کو رمضان پیکیج کے ذریعے رعایتی نرخوں پر ضروری اشیائے خورونوش فراہم کی جا رہی ہیں۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں دہائیوں سے قائم یوٹیلیٹی اسٹورز کا نظام مالی بے ضابطگیوں، بدانتظامی اور غریبوں کے استحصال کا شکار تھا جسے اب حکومت نے ایک شفاف نظام سے بدل دیا ہے۔