کاروبار اور معیشت

کراچی: سائٹ کی صنعتوں کو بجلی فراہمی دو ہفتوں سے متاثر، بھای مالی نقصان

  • اتنے طویل عرصے کے لیے متبادل انتظامات ممکن نہیں، صدر احمد عظیم علوی
شائع اپ ڈیٹ

سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کراچی نے صنعتوں کی جانب سے 10 سے 15 روز سے بجلی کی عدم فراہمی کی شکایات پر کے الیکٹرک کی چیف ڈسٹری بیوشن، مارکیٹنگ اینڈ کمیونی کیشن آفیسر سعدیہ دادا کے ساتھ ایک اہم اجلاس منعقد کیا جس کا مقصد انہیں متاثرہ صنعتوں کو بجلی کی عدم فراہمی کے مسئلے پر تفصیلی تبادلہ خیال کرنا تھا۔

اس موقع پر کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کے علاوہ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم علوی، چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ، نائب صدر محمد ریاض ڈھیڈھی، سابق صدور محمد کامران عربی، عبدالہادی،سابق سینئر نائب صدر سلیم ناگریا اور متاثرہ صنعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔

سائٹ ایسوسی ایشن کے صدر احمد عظیم علوی نے کے الیکٹرک حکام کو آگاہ کیا کہ صنعتیں دو ہفتوں سے بجلی سے محروم ہیں اور اتنے طویل عرصے کے لیے متبادل انتظامات ممکن نہیں جس کے باعث صنعتوں کو شدید مشکلات اور بھاری مالی نقصانات کا سامنا ہے۔اجلاس کے دوران صنعتکاروں نے اپنی شکایات سے الیکٹرک حکام کو آگاہ کیا۔

کے الیکٹرک حکام نے وضاحت کی کہ موجودہ بحران تکنیکی خرابی نہیں بلکہ دو صنعتی فیڈرز پر بڑے پیمانے پر بجلی چوری کے خلاف قانونی کارروائی کا نتیجہ ہے جہاں بجلی چوری کا ایک وسیع اور پیچیدہ نیٹ ورک موجود تھا جس میں کیبلز اور دیگر آلات شامل تھے جس کے باعث نہ صرف صنعتیں بلکہ خود کے الیکٹرک بھی مشکلات سے دوچار ہے۔

کے الیکٹرک حکام نے بتایا کہ وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے اس غیر قانونی عمل کا مستقل خاتمہ کیا جا سکے اور صنعتی علاقوں میں بجلی کی فراہمی جلد بحال ہو۔چیف ڈسٹری بیوشن، مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن آفیسر سعدیہ دادا نے سائٹ ایسوسی ایشن اور متاثرہ صنعتکاروں سے تعاون کی درخواست کی اور یہ یقین دہانی کرائی کہ تمام متاثرہ صنعتوں کو بجلی کی فراہمی کل تک بحال کر دی جائے گی۔

چیف کوآرڈینٹر سلیم پاریکھ نے کے الیکٹرک پر زور دیا کہ متاثرہ صنعتوں کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کیا جائے اور بجلی چوری کی روک تھام سے بچائی گئی رقم کا کچھ حصہ صنعتوں کو فائدے کی صورت میں منتقل کیا جائے کیونکہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران صنعتوں کو بھاری مالی اور پیداواری نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے دفتر میں کے الیکٹرک سے متعلق اراکین کے مسائل کے حل کے لیے ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی جس کے شیڈول اور اوقات کار کا تعین باہمی مشاورت سے کیا جائے گا۔

کاپی رائٹ بزنس ریکارڈر 2026