اسحاق ڈار کا پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط روابط کی اہمیت پر زور
- دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کے درمیان ہم آہنگی ناگزیر ہے، نائب وزیراعظم
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔ یہ بات انہوں نے دونوں پڑوسی ممالک کے دوطرفہ تعلقات کے جائزے کے لیے منعقدہ بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
دفترِ خارجہ کے مطابق اجلاس میں مختلف شعبوں میں جاری تعاون کا جائزہ لیا گیا اور باہمی دلچسپی کے ترجیحی شعبوں بالخصوص اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
نائب وزیراعظم نے ایران کے ساتھ روابط کو مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانے اور غیر استعمال شدہ معاشی صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کے لیے متعلقہ وزارتوں کے درمیان قریبی ہم آہنگی ناگزیر ہے۔
اجلاس میں وفاقی وزیر برائے پیٹرولیم، وزیراعظم کے معاونِ خصوصی طارق باجوہ، سیکرٹری خارجہ سفیر آمنہ بلوچ، سیکرٹری پیٹرولیم اور وزارتِ خارجہ سمیت دیگر متعلقہ وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
حکام نے اس بات پر اتفاق کیا کہ مسلسل سفارتی روابط اور بہتر بین الوزارتی ہم آہنگی سے پاکستان کی علاقائی روابط اور اقتصادی مقاصد کی روشنی میں پاک ایران تعلقات کو مزید استحکام ملے گا۔