کاروبار اور معیشت

ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری

  • ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی معمولی بہتری سے 280.11 روپے پر بند
شائع January 2, 2026 اپ ڈیٹ January 2, 2026 04:39pm

انٹربینک مارکیٹ میں جمعہ کو بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔

کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے میں روپیہ ایک پیسے کی معمولی بہتری سے 280.11 روپے پر بند ہوا۔

یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 280.12 پر بند ہوئی تھی۔ جمعرات کو بینک کی چھٹی کی وجہ سے مارکیٹ بند رہی تھی۔

عالمی سطح پر گزشتہ سال زیادہ تر کرنسیوں کے مقابلے میں مشکلات کا شکار رہنے کے بعد جمعہ کو امریکی ڈالر کا سال 2026 کا آغاز کمزور رہا۔ دوسری جانب، جاپانی ین 10 ماہ کی کم ترین سطح کے قریب مستحکم رہا، کیونکہ تاجر شرحِ سود کے مستقبل کا تعین کرنے کے لیے رواں ماہ آنے والے معاشی اعداد و شمار کا انتظار کررہے ہیں۔

امریکہ اور دیگر معیشتوں کے درمیان شرحِ سود کے کم ہوتے فرق نے کرنسی مارکیٹ پر گہرے اثرات مرتب کیے ہیں جس کے نتیجے میں 2025 کے دوران زیادہ تر کرنسیوں کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں تیزی سے اضافہ ہوا، تاہم جاپانی ’ین‘ اس رجحان سے مستثنیٰ رہا۔

ایشیا میں کاروبار کے ابتدائی گھنٹوں میں یورو 1.1752 ڈالر پر مستحکم رہا، جبکہ گزشتہ سال اس کی قدر میں 13.5 فیصد کا نمایاں اضافہ ہوا تھا۔ دوسری جانب، پاؤنڈ اسٹرلنگ 1.3474 ڈالر پر فروخت ہوا، جس کی قدر میں 2025 کے دوران 7.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ ان دونوں کرنسیوں نے 2017 کے بعد اپنی سب سے بڑی سالانہ برتری حاصل کی ہے۔

جاپانی ین کی قدر امریکی ڈالر کے مقابلے میں 156.74 رہی۔ واضح رہے کہ 2025 کے دوران ڈالر کے مقابلے میں ین کی قدر میں ایک فیصد سے بھی کم اضافہ ہوا اور یہ 10 ماہ کی کم ترین سطح 157.90 کے قریب ہی منڈلا رہا ہے جسے اس نے نومبر میں چھوا تھا۔ اس صورتحال نے ٹوکیو (جاپانی حکومت) کی جانب سے مداخلت کے خدشات کو جنم دیا ہے۔