پاکستان

53 فیصد پاکستانیوں نے 2026 کو معاشی خوشحالی کا سال قرار دیدیا ، گلوبل گیلپ سروے

  • 52 فیصد پاکستانیوں کے مطابق سال نو میں عالمی امن کی صورتحال بہتر ہو جائے گی ، سروے
شائع January 1, 2026 اپ ڈیٹ January 1, 2026 03:57pm

گیلپ انٹرنیشنل کے عالمی معاشی سروے کے مطابق 53 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ 2026 معاشی خوشحالی کا سال ہوگا، جبکہ 52 فیصد اسے امن کا سال قرار دیتے ہیں، جس کے ساتھ ہی معیشت اور امن کے حوالے سے پاکستان میں عالمی اوسط کے مقابلے میں زیادہ پرامید رجحان ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سروے کے نتائج بتاتے ہیں کہ 51 فیصد پاکستانی نئے سال کے حوالے سے پرامید اور 20 فیصد مایوسی کا شکار ہیں، جو 2026 کے لیے ایک مجموعی مثبت نقطہ نظر کو ظاہر کرتا ہے۔ پاکستان میں یہ خوش آئندہ توقعات بھارت کے 39 فیصد کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے اور 24 فیصد کی عالمی اوسط سے بھی تجاوز کر گئی ہے۔ عالمی امن کے حوالے سے بھی یہاں توقعات کافی زیادہ ہیں کیونکہ 52 فیصد پاکستانیوں کا ماننا ہے کہ دنیا میں امن کی صورتحال بہتر ہوگی، جبکہ بھارت میں یہ شرح صرف 26 فیصد ہے۔

گیلپ کی پریس ریلیز کے مطابق یہ 1994 کے بعد سے پاکستان میں خوش آئندہ امیدوں کی بلند ترین سطحوں میں سے ایک ہے اور اس سے پہلے ایسی صورتحال صرف 1990 کی دہائی کے آخر اور2010 کی دہائی کے وسط میں دیکھی گئی تھی۔

مجموعی امید، معاشی بہتری اور امن کی توقعات جیسے تینوں پیمانوں پر پاکستان بھارت سے آگے اور عالمی اوسط سے بھی بہتر پوزیشن پر ہے۔

گیلپ انٹرنیشنل ایسوسی ایشن کا یہ سروے پاکستان سمیت 60 ممالک میں کیا گیا جس میں 59,636 افراد شامل تھے۔ یہ سالانہ سروے ایک دیرینہ روایت ہے جو آزاد پولنگ اداروں کے ذریعے کیا جانے والا اپنی نوعیت کا سب سے بڑا عالمی مطالعہ ہے اور پاکستان میں گیلپ پاکستان 1994 سے یہ سروے کر رہا ہے ، تاکہ عوامی رائے کے رجحانات کا تسلسل برقرار رہے۔