مصر: تعلیمی دھوکہ دہی کیس میں فٹبالر رمضان صبحی کو ایک سال قید کی سزا
- 28 سالہ فٹبالر کو تعلیمی دھوکہ دہی کیس میں سزا ہوئی ، سرکاری دستاویزات میں جعل سازی کے بھی الزامات تھے ، میڈیا رپورٹ
مصر کے بین الاقوامی فٹبالر رمضان صبحی کو تعلیمی دھوکہ دہی کے ایک کیس میں ایک سال قید کی سزا سنادی گئی۔رمضان صبحی جو ماضی میں انگلش پریمیئر لیگ کا حصہ رہ چکے ہیں انہوں نے گزشتہ سیزن میں اپنے کلب ’پیرامڈز‘ کو پہلا ’کاف چیمپئنز لیگ‘ ٹائٹل جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
مقامی میڈیا رپورٹس کے مطابق 28 سالہ رمضان صبحی کو جولائی میں ترکیہ سے واپسی پر گرفتار کیا گیا تھا،جہاں وہ پری سیزن کیمپ میں شریک تھے۔ ان پر سرکاری دستاویزات میں جعل سازی اور گیزا شہر کے ایک نجی انسٹی ٹیوٹ میں اپنی جگہ کسی دوسرے شخص کو امتحانات میں بٹھانے کے الزامات تھے۔ گیزا کی فوجداری عدالت نے صبحی اور ایک دوسرے ملزم کو ایک سال قید بامشقت کی سزا سنائی، جبکہ ایک مفرور ملزم کو غیر حاضری میں 10 سال کی سزا دی گئی۔
قید کی سزا کے علاوہ صبحی کو نومبر میں ڈوپنگ مخالف قوانین کی خلاف ورزی پر ’کھیلوں کی ثالثی عدالت‘ (سی اے ایس) کی جانب سے چار سال کی پابندی کا بھی سامنا ہے۔
رمضان صبحی نے اپنے کیریئر کا آغاز ’الاہلی‘ سے کیا اور 2016 میں انگلینڈ منتقل ہوئے جہاں انہوں نے ’اسٹوک سٹی‘ اور ’ہڈرز فیلڈ ٹاؤن‘ کی نمائندگی کی۔ وہ مصر کی قومی ٹیم کے لیے 37 میچز کھیل چکے ہیں۔