دنیا
تنزانیہ کے پہاڑ پر ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک ، ایوی ایشن اتھارٹی
- طبی امدادی مشن کے ہیلی کاپٹر میں سوار گائیڈ، ڈاکٹر، پائلٹ اور دو غیر ملکی سیاح جان سے گئے ، حکام
تنزانیہ کے پہاڑ کلیمنجارو پر ہیلی کاپٹر حادثے میں پانچ افراد ہلاک ہو گئے۔ یہ اطلاع سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جمعرات کودی۔ مقامی میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹر طبی امدادی مشن پر تھا۔
تنزانیہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے بیان کے مطابق ہیلی کاپٹر بدھ کے روز پہاڑ کے بارافو کیمپ کے قریب گر کر تباہ ہوا۔ موانانچی اخبار اور ایسٹ افریقہ ٹی وی نے کلیمنجارو ریجن کے پولیس سربراہ سائمن مائیگوا کے حوالے سے بتایا کہ ہیلی کاپٹر ایک مریض کو نکالنے کے مشن پر تھا۔
حادثے میں ایک گائیڈ، ایک ڈاکٹر، پائلٹ اور دو غیر ملکی سیاح جاں بحق ہوئے، تاہم سیاحوں کی قومیت نہیں بتائی گئی۔ کلیمنجارو افریقہ کی بلند ترین چوٹی ہے، جہاں ہر سال تقریباً 50 ہزار سیاح چڑھائی کرتے ہیں۔