کاروبار اور معیشت

49 فیصد ورکنگ انٹرسٹ کی منتقلی، گلوباکور کا ماری منرلز کے ساتھ جوائنٹ وینچر

  • منتقلی ضروری کارپوریٹ، ریگولیٹری اور حکومتی منظوریوں کی مشروط ہے
شائع December 22, 2025 اپ ڈیٹ December 22, 2025 11:45am

پاکستان کی معروف کھاد ساز کمپنیوں میں سے ایک فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ گلوباکور منرلز لمیٹڈ جس میں فاطمہ فرٹیلائزر کا 32 فیصد ایکویٹی حصہ ہے، نے ماری منرلز (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے ساتھ مشترکہ منصوبے کا معاہدہ کیا ہے۔ ماری منرلز، ماری انرجیز لمیٹڈ کی مکمل ملکیتی ذیلی کمپنی ہے۔

کمپنی نے یہ پیشرفت پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے نوٹس میں ظاہر کی۔ نوٹس کے مطابق اس معاہدے کے تحت ماری منرلز ضلع چاغی، بلوچستان میں واقع معدنیات کی تلاش کے لائسنسز ای ایل-322 اور ای ایل-323 میں اپنا 49 فیصد ورکنگ انٹرسٹ گلوباکور کو منتقل کرے گی۔

یہ منتقلی ضروری کارپوریٹ، ریگولیٹری اور حکومتی منظوریوں کی مشروط ہے۔

کمپنی نے اسٹاک ایکسچینج کو آگاہ کیا کہ ماری منرلز لائسنسز کے آپریٹر کے طور پر کام جاری رکھے گی اور تلاش کی تمام سرگرمیوں کی ذمہ دار رہے گی۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ گلوباکور کی حصہ دار کے طور پر فاطمہ فرٹیلائزر اس پیش رفت کو اپنے پورٹ فولیو میں تنوع پیدا کرنے اور اسٹیک ہولڈرز کے لیے طویل مدتی قدر تخلیق کرنے کی جانب مثبت قدم کے طور پر دیکھتی ہے۔

فاطمہ فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ 2003 میں پاکستان میں قائم ہوئی، جو فاطمہ گروپ اور عارف حبیب گروپ کے درمیان جوائنٹ وینچر کا نتیجہ ہے۔

کمپنی کے تین پیداواری پلانٹ ملتان، شیخوپورہ اور صادق آباد میں واقع ہیں اور یہ کیمیکلز اور فرٹیلائزرز کی تیاری، خرید و فروخت، درآمد اور برآمد میں سرگرم عمل ہے۔