کاروبار اور معیشت

ایس ایم تنویر کا شرح سود میں کمی کا خیرمقدم، صنعت کیلئے سستی فنانسنگ اور سرمایہ کاری کے مواقع کی ضرورت پر زور

  • بلند شرحِ سود گزشتہ کئی برسوں سے صنعتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے، پیٹرن اِن چیف یو بی جی
شائع December 16, 2025 اپ ڈیٹ December 16, 2025 02:12pm

ایف پی سی سی آئی کے رہنما اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے پیٹرن اِن چیف ایس ایم تنویر نے اس فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ بلند شرحِ سود گزشتہ کئی برسوں سے صنعتی ترقی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے۔

ان کے مطابق مہنگی فنانسنگ کے باعث نہ صرف نئی سرمایہ کاری متاثر ہوئی بلکہ متعدد صنعتی یونٹس کی پیداوار بھی سکڑ گئی جس کا براہِ راست نتیجہ بے روزگاری اور معاشی دباؤ کی صورت میں سامنے آیا۔

ایس ایم تنویر کا کہنا ہے کہ کاروباری برادری مسلسل اس امر کی نشاندہی کرتی آرہی ہے کہ اگر معیشت کو پائیدار بنیادوں پر کھڑا کرنا ہے تو کاروبار دوست مانیٹری پالیسی ناگزیر ہے، ان کے بقول شرحِ سود میں محدود کمی وقتی ریلیف تودے سکتی ہےمگر صنعتی پہیہ مکمل طور پر اسی وقت چل سکے گا جب سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول پیدا کیا جائے۔

انہوں نے اسٹیٹ بینک پر زور دیا کہ وہ مرحلہ وار اقدامات کے ذریعے پالیسی ریٹ کو 9 فیصد سے نیچے لانے پر غور کرے تاکہ صنعت کو سستی فنانسنگ میسر آ سکے، نجی شعبے کی سرمایہ کاری بحال ہو اور روزگار کے مواقع میں اضافہ ممکن ہو۔