کاروبار اور معیشت

مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کی بار بار ہڑتالوں پر نکاٹی کا اظہار تشویش

  • مسلسل ہڑتالیں کاروباری سرگرمیوں اور ٹرانسپورٹ کے نظام پر منفی اثر ڈال رہی ہیں ، حکام کو فوری مداخلت کرنے چاہیے ، تاکہ مسائل کا پائیدار حل نکالا جا سکے ، صدر فیصل معیز خان
شائع December 14, 2025 اپ ڈیٹ December 14, 2025 06:34pm

نارتھ کراچی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (این کے اے ٹی آئی) کے صدر فیصل معیز خان نے مال بردار گاڑیوں کی ملک گیر بار بار ہڑتالوں پر گہری تشویش کا اظہار کیاہے، جس کی وجہ سے برآمدات اور درآمدات کی ترسیل میں خلل پیدا ہوا ہے۔ انہوں نے حکومت سے کہا کہ مسئلے کے حل کو ترجیح دی جائے۔

فیصل معیز خان نے مزید کہا کہ ٹرانسپورٹرز کی بار بار ہڑتالیں معیشت کے لیے نقصان دہ ہیں ، حکومت کو یہ واضح کرنا چاہیے کہ معیشت کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی کارروائی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے ہڑتال کے حل کے لیے تجویز دی کہ کراچی سے ملک کے دیگر حصوں اور بڑے شہروں سے کراچی کے لیے فریٹ ریلوے سروسز شروع کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ ایک جامع حکمت عملی اختیار کی جانی چاہیے، جس میں تیز رفتار فریٹ ٹرینوں کا آپریشن شامل ہو، تاکہ سامان کی ترسیل تیز ہو اور نقل و حرکت کے اخراجات میں نمایاں کمی آئے۔

صدر نکاٹی نے مزید بتایا کہ ٹرانسپورٹرز کی ہڑتال کی وجہ سے برآمدات اور درآمدات کی ترسیل رک گئی ہے اور سب سے تشویشناک مسئلہ یہ ہے کہ برآمدکنندگان غیر ملکی خریداروں کے ساتھ اپنے وعدے پورے نہیں کر پا رہے، جس سے برآمدی آرڈرز کی منسوخی کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

مزید برآں سامان پورٹس پر رکا ہوا ہونے کی وجہ سے ڈیمارج اور ڈیٹینشن چارجز سے کاروباری کمیونٹی کو مالی نقصانات کا سامنا ہو سکتا ہے۔