سونا سات ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب، چاندی مزید مہنگا
- اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں معمولی کمی کے ساتھ یہ 4,275.44 ڈالر فی اونس رہی،
عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں جمعہ کو سات ہفتوں کی بلند ترین سطح کے قریب برقرار رہیں، کیونکہ سرمایہ کاروں کی توقع ہے کہ آئندہ سال امریکی فیڈرل ریزرو مزید شرح سود میں کمی کرے گا۔ فیڈ حکام نے حالیہ اعلانات میں مارکیٹ کے سخت مؤقف کو مسترد کیا، جس کے بعد سرمایہ کاروں کا رجحان محفوظ اثاثوں کی جانب بڑھ گیا ہے۔
اسپاٹ گولڈ کی قیمت میں معمولی کمی کے ساتھ یہ 4,275.44 ڈالر فی اونس رہی، تاہم ہفتہ وار بنیاد پر اس میں تقریباً 1.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ جمعرات کو سونا اکیس اکتوبر کے بعد اپنی بلند ترین سطح تک پہنچا۔ امریکا کے سونے کے فیوچرز میں بھی معمولی کمی دیکھی گئی اور یہ 4,306.20 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔
ڈالر مسلسل تیسرے ہفتے کمزور ہوا، جس کے باعث بین الاقوامی خریداروں کے لیے سونا نسبتاً سستا ہو گیا۔ اے این زیڈ کی تجزیہ کار سونی کماری کے مطابق سرمایہ کار اس بات سے حوصلہ پا رہے ہیں کہ مارکیٹ اب بھی اگلے سال دو بار شرح سود میں کمی کی توقع کر رہی ہے، حالانکہ فیڈ کے ڈاٹ پلاٹ میں صرف ایک کٹوتی کی نشاندہی کی گئی تھی۔
فیڈ نے بدھ کے روز رواں سال کی تیسری بار شرح سود میں 25 بیسس پوائنٹس کی کٹوتی کی۔ حکام نے واضح کیا کہ مستقبل کے فیصلے افراط زر میں مزید کمی اور لیبر مارکیٹ کی نرمی پر منحصر ہوں گے۔ گزشتہ ہفتے امریکا میں بے روزگاری الاؤنس کے درخواست گزاروں کی تعداد تقریباً ساڑھے چار سال میں سب سے زیادہ ریکارڈ کی گئی، تاہم ماہرین اسے لیبر مارکیٹ کی کمزوری کا مضبوط اشارہ نہیں سمجھتے۔
چاندی کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا اور یہ 63.84 ڈالر فی اونس ہو گئی۔ جمعرات کو چاندی نے 64.31 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح چھوئی۔ صنعتی طلب، کم ہوتی انوینٹریز اور امریکا کی کرٹیکل منرلز فہرست میں شامل کیے جانے کے باعث چاندی کی قیمتیں رواں سال دوگنی سے زیادہ بڑھ چکی ہیں۔
پلاٹینم اور پیلیڈیم کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا، اور دونوں دھاتیں ہفتہ وار بنیاد پر مثبت رجحان کی جانب بڑھ رہی ہیں۔