ایس ای سی پی کا لائف انشورنس پالیسی فائنڈر متعارف ، اقدام خاندانوں کو غیر دعویٰ شدہ انشورنس فوائد تک رسائی میں سہولت دیگا
- یہ سروس 15 دسمبر 2025 سے عوام کے لیے دستیاب ہوگی
پاکستان کے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن (ایس ای سی پی) نے لائف انشورنس پالیسی فائنڈر سروس کا آغاز کر دیا، جس کا مقصد خاندانوں کو اپنے مرحوم عزیزوں کی لائف انشورنس پالیسیوں کا سراغ لگانے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
ریگولیٹر کے مطابق یہ اقدام پاکستان سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی لمیٹڈ اور انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے ،تاکہ اُس دیرینہ مسئلے کو حل کیا جاسکے جس میں مستحقین پالیسیوں سے بے خبر رہتے ہیں اور فوائد حاصل نہیں کر پاتے۔
ایس ای سی پی نے کہا کہ بہت سے حقیقی کلیمز برسوں تک غیر دعویٰ شدہ رہ جاتے ہیں کیونکہ اہل خانہ کو معلوم ہی نہیں ہوتا کہ کوئی پالیسی موجود ہے۔ نئی سروس کا مقصد صارفین کے تحفظ میں بہتری، شفافیت کو مضبوط کرنا اور ورثا کو ان کے جائز انشورنس فوائد تک منظم رسائی فراہم کرنا ہے۔
یکساں عمل درآمد کے لیے ایس ای سی پی نے ایک سرکولر جاری کیا ہے جس کے تحت تمام لائف انشورنس کمپنیاں اور فیملی تکافل آپریٹرز کی شمولیت لازمی قرار دی گئی ہے۔
انشوررز کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ سسٹم کے ذریعے موصول ہونے والی عوامی درخواستوں کا مقررہ وقت میں جواب دیں اور مطلوبہ پالیسی ڈیٹا فراہم کرتے رہیں۔ سرکولر ایس ای سی پی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دیا گیا ہے۔
لائف انشورنس پالیسی فائنڈر سروس 15 دسمبر 2025 سے عوام کے لیے دستیاب ہوگی۔
اس طریقہ کار کے تحت شہری مرحوم شخص کا شناختی کارڈ نمبر ایس ایم ایس کے ذریعے 99833 پر بھیج سکیں گے۔ اگر دیے گئے شناختی کارڈ نمبر کے تحت کوئی پالیسی موجود ہوئی تو متعلقہ انشورنس کمپنی یا فیملی تکافل آپریٹر مستحق سے رابطہ کرکے تصدیق اور کلیم کے مراحل میں رہنمائی کرے گا۔