کھیل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو فیفا کا پہلا امن انعام دیدیا گیا

  • فیفا کے صدر جیانی انفانتینو، جو ٹرمپ کے قریبی اتحادی ہیں، نے 79 سالہ صدر کو واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں ہونے والی تقریب کے دوران یہ اعزاز پیش کیا۔
شائع اپ ڈیٹ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ جمعہ کو 2026 کے ورلڈ کپ ڈرا کے موقع پر فیفا کے نئے امن انعام کے پہلے وصول کنندہ بن گئے، جو ایک ایسے رہنما کے لیے اعزازی تحفہ تصور کیا جا رہا ہے جو ابھی بھی نوبل امن انعام جیتنے کا خواب دیکھتے ہیں۔

فیفا کے صدر جیانی انفانتینو، جو ٹرمپ کے قریبی اتحادی ہیں، نے 79 سالہ صدر کو واشنگٹن کے کینیڈی سینٹر میں ہونے والی تقریب کے دوران یہ اعزاز پیش کیا۔ ٹرمپ نے تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کی زندگی کے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے اور انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ، انہوں نے دنیا میں لاکھوں جانیں بچائیں اور دنیا اب زیادہ محفوظ جگہ ہے۔

جیانی انفانتینو نے کہا کہ ٹرمپ نے دنیا بھر میں امن اور اتحاد کو فروغ دینے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں اور انہیں ایک سنہری ٹرافی اور سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک خوبصورت تمغہ بھی ہے جو وہ جہاں چاہیں پہنا سکتے ہیں۔ ٹرمپ نے فوراً تمغہ گردن میں ڈال لیا اور کہا کہ وہ اسے ابھی پہنیں گے۔

فیفا نے نومبر میں یہ سالانہ انعام متعارف کروایا تھا تاکہ ایسے افراد کی خدمات کو تسلیم کیا جا سکے جو آنے والی نسلوں کے لیے امید پیدا کریں۔ تاہم، اس کے پہلے وصول کنندہ کا اعلان زیادہ حیران کن نہیں تھا کیونکہ انفانتینو اور ٹرمپ کے درمیان مضبوط تعلقات ہیں۔

ٹرمپ اکثر دعویٰ کرتے ہیں کہ انہیں نوبل امن انعام ملنا چاہیے کیونکہ انہوں نے اس سال آٹھ تنازعات کو ختم کرنے میں کردار ادا کیا، جن میں غزہ میں عارضی جنگ بندی شامل ہے جبکہ روس-یوکرین جنگ ختم نہیں ہوئی۔

انعام کے اعلان کے بعد بھی انسانی حقوق کی تنظیموں اور ڈیموکریٹس کی جانب سے ٹرمپ پر شدید تنقید جاری ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیم ہومین رائٹس واچ نے کہا کہ فیفا کا یہ انعام ایسے وقت دیا گیا ہے جب امیگرنٹس کے خلاف طاقت کا استعمال، نیشنل گارڈ کی تعیناتی اور فیفا کی اپنی اینٹی ریسیزم مہمات کو مؤثر طریقے سے منسوخ کرنا جاری ہے۔