دنیا

دہلی کار دھماکا ، 3 ڈاکٹر ز سمیت مزید چار افراد گرفتار

  • زیر حراست ملزموں میں مزمل گنائی، عدیل ، مفتی عرفان وگے اور ڈاکٹر شاہین سعید شامل ہیں ، این آئی اے
شائع November 20, 2025 اپ ڈیٹ November 20, 2025 07:27pm

بھارت کی انسداد دہشتگردی ایجنسی نے بتایا کہ اس نے دہلی میں گزشتہ ہفتے ہونے والے مہلک کار دھماکے میں ملوث مزید چار افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں تین ڈاکٹر بھی شامل ہیں۔

یہ دہلی میں ایک دہائی سے زیادہ عرصے میں ہونے والا پہلا ایسا حملہ تھا۔یہ کار بم دھماکہ 10 نومبر کو تاریخی ریڈ فورٹ کے باہر ہوا، جس میں 10 افراد ہلاک اور 32 زخمی ہو گئے۔

قومی تحقیقات ایجنسی (این آئی اے)کے مطابق چار اہم ملزمان میں ڈاکٹر مزمل شکیل گنائی، ڈاکٹر عدیل احمد راﺅتر، مفتی عرفان احمد وگے شامل ہیں، جو مضبوضہ کشمیر سے تعلق رکھتے ہیں، جبکہ ڈاکٹر شاہین سعید شمالی شہر لکھنؤ سے ہیں۔

ایجنسی نے ایکس پر ایک بیان میں کہا کہ یہ سب دہشتگرد حملے میں اہم کردار ادا کر چکے تھے ، تاہم ان کے مبینہ کردار کی مزید تفصیل نہیں دی گئی۔

گنائی، راﺅتر اور وگے پہلے ہی کشمیر پولیس کی حراست میں تھے، جنہوں نے کہا تھا کہ یہ افراد ایک دہشتگرد یونٹ کا حصہ ہیں۔ ان کے اہل خانہ نے اس وقت اس الزام کی تردید کی اور کہا کہ وہ بے گناہ ہیں۔

شاہین سعید کے بھائی نے جمعرات کو رائٹرز کے تبصرے کے لیے جواب نہیں دیا۔