پاکستان

اسلام آباد دھماکے کے بعد سیکیورٹی خدشات ، پاک فوج کرکٹرز کی حفاظت پر مامور

  • خودکش حملے کے بعد حکومت نے ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی سیریز راولپنڈی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا
شائع November 13, 2025 اپ ڈیٹ November 13, 2025 05:11pm

پاکستان نے سری لنکن کرکٹ ٹیم کی حفاظت کے لیے فوج اور نیم فوجی دستے تعینات کردیے ہیں اور اسلام آباد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے بعد مکمل ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی سیریز کو راولپنڈی منتقل کردیا ہے۔

اس دھماکے کے باعث غیر ملکی کھلاڑیوں کے جاری دورۂ پاکستان کے دوران سیکیورٹی خدشات بڑھ گئے تھے۔

سری لنکا اس وقت راولپنڈی میں پاکستان کے خلاف تین ون ڈے میچوں کی سیریز کھیل رہا ہے، جس کے بعد ٹی ٹوئنٹی سہ ملکی ٹورنامنٹ شیڈول ہے، جس میں زمبابوے بھی شامل ہوگا۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے جمعرات کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں بتایا، جسے براہِ راست نشر کیا گیا کہ دہشت گردی کے واقعے کے بعد آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سری لنکن وزیر دفاع پرمیتھا بندارا ٹیناکون کو ٹیم کی مکمل سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی۔

انہوں نے کہا کہ ہماری فوج اور نیم فوجی فورسز سری لنکن ٹیم کی حفاظت پر مامور ہیں۔

اسلام آباد میں خودکش حملے کی جگہ سے سری لنکن ٹیم کا ہوٹل اور اسٹیڈیم دس کلومیٹر سے بھی کم فاصلے پر واقع ہیں۔

بدھ کو سری لنکا کرکٹ بورڈ نے تصدیق کی کہ بعض کھلاڑی دھماکے کے بعد وطن واپس جانا چاہتے تھے، تاہم بورڈ نے ٹیم کو قیام کا حکم دیا اور کہا کہ پاکستانی حکام نے فول پروف سیکیورٹی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

واضح رہے منگل کو اسلام آباد کی ایک عدالت کے باہر خودکش حملے میں 12 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوئے، جو کئی برسوں بعد دارالحکومت میں بدترین حملہ تھاجب کہ اسی ہفتے جنوبی وزیرستان کے علاقے وانا میں عسکریت پسندوں نے ایک فوجی اسکول پر بھی حملہ کیا، جس میں تین افراد جاں بحق ہوئے، بعد ازاں سیکیورٹی فورسز نے تمام حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔

پاکستان نے ان حملوں کا الزام افغانستان میں موجود دہشت گردوں پر عائد کیا، ساتھ ہی بھارت کی پشت پناہی کا دعویٰ بھی کیا، تاہم کابل اور نئی دہلی نے ان الزامات کی تردید کی۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ ان حملوں نے ملک کو جنگی صورتحال میں دھکیل دیا ہے۔

یہ تازہ پرتشدد واقعات 2009 میں لاہور میں سری لنکن ٹیم پر ہونے والے حملے کی یاد تازہ کرتے ہیں، جس کے بعد تقریباً ایک دہائی تک پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ معطل رہی تھی۔ تاہم سیکیورٹی میں بہتری کے بعد عالمی ٹیموں نے دوبارہ پاکستان کا رخ کیا۔

دریں اثنا پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے جمعرات کو اعلان کیا کہ سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز جس میں پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے شامل ہیں اب مکمل طور پر راولپنڈی میں 18 نومبر سے کھیلی جائے گی۔

یہ سیریز آئندہ سال بھارت اور سری لنکا میں ہونے والے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے اہم سمجھی جا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر پانچ میچ لاہور میں شیڈول تھے، تاہم نئی سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر شیڈول میں تبدیلی کی گئی۔

پی سی بی کے مطابق شیڈول کی نظرثانی کا فیصلہ سری لنکا کرکٹ اور زمبابوے کرکٹ کے ساتھ مشاورت کے بعد کیا گیا ،تاکہ آپریشنل اور میچ کے تقاضے بہتر انداز میں پورے کیے جا سکیں۔