پاکستان

پشاور: کسٹمز نے 9 کروڑ سے زائد کی آئس اسمگلنگ ناکام بنا دی

آئی پی جے سی پی امان میلا میں کارروائی ، ڈرائیور اور کنڈکٹر گرفتار ، 15,350 گرام منشیات بس کے انورٹرز میں چھپائی گئی تھی
شائع November 12, 2025 اپ ڈیٹ November 12, 2025 04:44pm

پاکستان کسٹمز نے پشاور کے آئی پی جے سی پی امان میلا میں کارروائی کے دوران ڈاؤو بس سے آئس (کرِسٹل میتھامفیٹامین) کی بڑی مقدار ضبط کرکے اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، جس کی مالیت 9.10 کروڑ روپے بتائی گئی۔

ایف بی آر کی پریس ریلیز کے مطابق کسٹمز کو ڈپٹی کلیکٹر کسٹمز، ڈی آئی خان ٹو سے خفیہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں، جس پر کلیکٹر کسٹمز (اینفورسمنٹ) پشاور کے احکامات کے تحت کارروائی کی گئی۔

ایف بی آر کے مطابق اہلکاروں نے بس میں تین خصوصی ڈیزائن شدہ انورٹرز کے اندر چھپائی گئی غیر ملکی نژاد منشیات برآمد کیں۔

ڈرائیور اور کنڈکٹر کو موقع پر گرفتار کر لیا گیا اور ان کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی۔

برآمد شدہ منشیات میں 15 پیکٹ شامل تھے، جو آئس کے مشابہ غیر ملکی نژاد مادہ پر مشتمل تھے، جن کا کل وزن 15,350 گرام تھا۔

ایف بی آر کے مطابق منشیات کی مالیت 9.10 کروڑ روپے ہے، جبکہ ضبط شدہ ڈاؤو بس کی مالیت 1.5 کروڑ روپے ہے، جس سے کل کیس کی تخمینہ شدہ مالیت 9.25 کروڑ روپے بنتی ہے۔

پریس ریلیز میں مزید کہا گیا کہ منشیات منتقل کرتے وقت کسٹمز اہلکاروں پر نامعلوم شرپسنددوں کی جانب سے اندھا دھند فائرنگ کی گئی۔

تاہم کسٹمز ٹیم کی فوری جوابی کارروائی کی بدولت نہ صرف اہلکار محفوظ رہے بلکہ ضبط شدہ مال بھی محفوظ رہا۔

ایف بی آر نے مزید بتایا کہ پاکستان آرمی اور پولیس اہلکار موقع پر فوری پہنچے اور سیکیورٹی فراہم کی۔

انہوں نے کسٹمز اہلکاروں اور ضبط شدہ منشیات کو ڈی آئی خان کے اسٹیٹ ویئرہاؤس تک بغیر کسی جانی یا مالی نقصان کے محفوظ طریقے سے پہنچایا۔