کھیل

اسلامک سولیڈیرٹی گیمز میں پاکستان کیلئے اعزاز ، باکسر فاطمہ زہرا نے کانسی کا تمغہ جیت لیا

  • 27 سالہ باکسر نے الجزائر کی حمدہ میلیسا کو کوارٹر فائنل میں 0-5 کے واضح فرق سے شکست دی
شائع اپ ڈیٹ

پاکستان کی اُبھرتی ہوئی باکسر فاطمہ زہرا نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں جاری چھٹے اسلامی یکجہتی گیمز میں ویمنز 60 کلوگرام کیٹیگری کے سیمی فائنل میں پہنچ کر پہلا تمغہ جیت لیا۔

سرگودھا سے تعلق رکھنے والی 27 سالہ فاطمہ زہرا نے جمعرات کی رات الجزائر کی حمدہ میلیسا کو کوارٹر فائنل میں 0-5 کے واضح فرق سے شکست دی، جس کے بعد کانسی کا تمغہ اپنے نام کر لیا۔

اسلامی یکجہتی گیمز کے انسٹاگرام پر جاری نتائج کے مطابق ان کی اس کامیابی کے ساتھ پاکستان نے رواں ایونٹ میں اپنا پہلا کنفرم تمغہ حاصل کرلیا۔

فاطمہ زہرا نے پورے مقابلے کے دوران شاندار تکنیک کا مظاہرہ کیا اور پانچ میں سے چار ججوں کو ہر راؤنڈ میں متاثر کیا۔ درست مکے، پھرتیلے قدم اور جارحیت کو قابو میں رکھنے کے ساتھ انہوں نے اپنے الجزائری حریف کو ابتدا سے اختتام تک دفاع پر مجبور رکھا۔

قومی چیمپئن فاطمہ زہرا جنہوں نے 2018 میں باکسنگ شروع کی، پاکستان کی سب سے مستقل مزاج خاتون باکسر ہیں۔

وہ مسلسل چار سال سے اپنی ویٹ کیٹیگری میں قومی اعزاز برقرار رکھے ہوئے ہیں اور ایشین گیمز سمیت اولمپک کوالیفائرز میں بھی ملک کی نمائندگی کر چکی ہیں۔

اس سے قبل جمعرات کو پاکستان کی ماریہ رند کو ترکیہ کی رابیہ توپوز کے ہاتھوں 0-5 سے شکست ہوئی، جبکہ ہم وطن لاورا جدہ اکرام کو ازبک حریف کے خلاف اسی مارجن سے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

دوسری جانب پاکستان کے قدرۃ اللہ ہفتے کے روز مردوں کے 55 کلوگرام کے کوارٹر فائنل میں فلسطین کے یوسف حصہ عثمان کے خلاف اپنی مہم کا آغاز کریں گے۔

پاکستان نے ان گیمز میں 55 رکنی دستہ بھیجا ہے، جو 7 سے 21 نومبر تک ریاض میں منعقد ہو رہی ہیں، جن میں ایتھلیٹکس، ووشو، سوئمنگ، باکسنگ، فینسنگ، جو جتسو، کراٹے، تائیکوانڈو، ٹیبل ٹینس اور ریسلنگ کے مقابلے شامل ہیں۔