ڈالر کی نسبت روپیہ مزید تگڑا
- ڈالر کا انٹربینک ریٹ 280 سے 281 روپے کی سطح پر مستحکم
انٹربینک مارکیٹ میں جمعرات کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 280.85 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ بدھ کو مقامی کرنسی 280.86 روپے پر بند ہوئی تھی۔
عالمی سطح پر جمعرات کو امریکی ڈالر کئی ماہ کی بلند سطح سے ذرا نیچے مستحکم رہا، کیونکہ زیادہ خطرے والے اثاثوں میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی بحال ہونے سے ڈالر اپنی حالیہ بلند ترین سطح سے کچھ کم پر آگیا۔ دوسری جانب، بینک آف انگلینڈ کے اجلاس سے قبل پاونڈ دباؤ میں رہا جہاں سرمایہ کار محتاط (نرم) پالیسی بیان کی توقع کر رہے ہیں۔
یورو کے مقابلے میں 1.1495 ڈالر کی سطح پر امریکی کرنسی میں زیادہ تبدیلی نہیں دیکھی گئی، اگرچہ یہ منگل کو ریکارڈ کی گئی 3 ماہ کی بلند ترین سطح 1.1469 ڈالر سے معمولی کمزور رہی۔
راتوں رات سب سے زیادہ حرکت کرنے والی کرنسیاں آسٹریلین اور نیوزی لینڈ ڈالر تھیں، جو کہ خطرے سے وابستہ سمجھی جاتی ہیں۔ یہ کرنسیاں اسٹاک مارکیٹ میں ریکوری کے ساتھ مضبوط ہوئیں، کیونکہ ٹیکنالوجی شیئرز میں آنے والی تیز فروخت کا دباؤ کم ہوا۔
آسٹریلین ڈالر راتوں رات 0.3 فیصد بڑھا اور اپنی 200 روزہ اوسط سے ری باؤنڈ کرتے ہوئے ایشیائی سیشن میں 0.6508 ڈالر پر ٹریڈ ہوا۔ نیوزی لینڈ ڈالر (کیوی) بھی سات ماہ کی کم ترین سطح سے اٹھتے ہوئے 0.5665 ڈالر پر پہنچ گیا۔
اینٹی پوڈین کرنسیز میں یہ اضافہ اس کے باوجود دیکھا گیا کہ امریکی ییلڈز میں نمایاں اضافہ ہوا، جو امریکی لیبر مارکیٹ کے حوصلہ افزا اعداد و شمار اور امریکی محکمہ خزانہ کی جانب سے مستقبل میں قرضوں کی فروخت میں ممکنہ اضافے کے اشاروں کے بعد سامنے آیا۔
ڈالر نے جاپانی کرنسی کے مقابلے معمولی بہتری حاصل کی اور جمعرات کو 153.93 ین کی سطح پر مستحکم رہا۔