ایف بی آر نے ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی عمومی توسیع کو مسترد کر دیا، ریکارڈ 59 لاکھ گوشوارے جمع
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے جمعرات کو بتایا ہے کہ ٹیکس سال 2025 کے لیے ریکارڈ 59 لاکھ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائے گئے، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں 17.6 فیصد اضافہ ظاہر کرتے ہیں، تاہم ادارے نے جمع کرانے کی آخری تاریخ میں کسی عمومی توسیع کا امکان مسترد کر دیا۔
ایف بی آر کے بیان کے مطابق 31 اکتوبر 2025 کی شام 7 بجے تک موصول ہونے والے گوشواروں کی مجموعی تعداد 59 لاکھ رہی، جب کہ گزشتہ سال اسی مدت میں یہ تعداد 50 لاکھ تھی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ 36 لاکھ ٹیکس دہندگان نے ٹیکس کی ادائیگی کے ساتھ گوشوارے جمع کرائے، جو آمدن میں حصہ ڈالنے والے فائلرز کی تعداد میں 18.6 فیصد اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق انفرادی ٹیکس دہندگان نے رواں سال تقریباً 69 ارب روپے ٹیکس ادا کیا، جو گزشتہ سال کے 60 ارب روپے کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہے۔
ادارے کا کہنا تھا کہ ٹیکس گوشوارے جمع کرانے میں اضافے سے عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد اور آگاہی کا اظہار ہوتا ہے، جس کا سہرا وزیرِاعظم آفس، وزارتِ اطلاعات اور ایف بی آر کی جانب سے مشترکہ طور پر چلائی گئی جامع آگاہی مہم کو جاتا ہے۔
مہم میں ملک گیر روبو کالز، واٹس ایپ پیغامات، ہدفی ای میلز اور رویہ جاتی طور پر تیار کردہ یاد دہانیاں شامل تھیں، جنہوں نے شہریوں کو ٹیکس کی ذمہ داریاں پوری کرنے کی ترغیب دی۔