مالی سال کے آغاز پر، اٹک سیمنٹ (پی ایس ایکس: اے سی پی ایل)، جو جنوبی ریجن میں کام کرنے والے نسبتاً چھوٹے سیمنٹ مینوفیکچررز میں سے ایک ہے، اپنے لبنانی مالکان کے اسٹریٹجک انخلا کے بعد ایک غیر معمولی صورتحال سے دوچار تھی ، اس کے پلانٹس اور اثاثوں کو حاصل کرنے کے لیے پانچ بڑے امیدوار سامنے آچکے تھے۔
یہ ظاہر تھا کہ پسِ پردہ کچھ اہم پیش رفت ہو رہی ہے۔ اگرچہ ملکیت کی تفصیلات ابھی تک غیر واضح ہیں، مگر کمپنی نے مالی اور آپریشنل سطح پر حیران کن طور پر تیز بحالی حاصل کر لی ہے۔ مالی سال 2026 کی پہلی سہ ماہی میں اٹک سیمنٹ کا منافع 13 گنا بڑھ گیا۔
یہ ڈرامائی بحالی طلب میں زبردست اضافہ کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ رپورٹ کے مطابق کمپنی کی آمدن میں سہ ماہی کے دوران (سالانہ) 64 فیصد اضافہ ہوا، جبکہ اخراجات میں کمی آئی۔ اگرچہ فروخت کے حجم سے متعلق تفصیلات مالیاتی انکشاف میں شامل نہیں، لیکن یہ بات واضح ہے کہ آمدنی میں اضافہ صرف قیمتوں کے سبب نہیں تھا بلکہ ملکی اور برآمدی دونوں مارکیٹوں میں مانگ میں نمایاں بہتری نے بھی کردار ادا کیا۔
آپریشنل اعتبار سے تاہم اٹک اب بھی کچھ چیلنجز کا سامنا کر رہی ہے۔ کمپنی کے تقسیماتی اخراجات (ڈسٹری بیوشن کاسٹس) ۔ جو اس کی برآمدات پر توجہ کے باعث زیادہ ہیں آمدن کا تقریباً 13 فیصد ہیں، جو صنعت کے اوسط سے زیادہ ہے۔ چونکہ غیر ملکی برآمدات میں فطری طور پر زیادہ لاجسٹک اور ہینڈلنگ اخراجات شامل ہوتے ہیں، اس لیے اٹک کے اخراجات اپنے ان حریفوں کے مقابلے میں بلند رہنے کا امکان ہے جو زیادہ تر مقامی یا قریبی سرحدی مارکیٹوں میں فروخت کرتے ہیں۔
اگرچہ اٹک کا منافع اس کے بنیادی کاروبار کی بحالی سے آیا ہے، دیگر کمپنیوں نے اپنی آمدنی بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والی آمدن پر زیادہ انحصار کیا ہے۔ میپل لیف سیمنٹ اس سہ ماہی میں ایک اور نمایاں کارکردگی دکھانے والا کھلاڑی رہا، مگر وجوہات بالکل مختلف تھیں۔ اٹک کے برعکس، میپل لیف نے آمدن میں معمولی اضافہ دیکھا، مگر اس کے باوجود اس کا خالص منافع 2.5 گنا بڑھ گیا ، جس کی بڑی وجہ دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدن تھی، جو پری ٹیکس منافع کا تقریباً 22 فیصد بنی۔
اگرچہ پچھلے ایک سال کے دوران سیمنٹ کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہوا، میپل لیف کی آمدن سہ ماہی کے دوران سالانہ صرف 5 فیصد بڑھی، جب کہ اس کے منافع کے مارجن 30 فیصد پر مستحکم رہے۔ بہتر آپریشنل کارکردگی نے اخراجات کو آمدن کے 12 فیصد سے کم کر کے 8 فیصد کر دیا، جب کہ مانیٹری ایزنگ کے باعث فنانس لاگت 6 فیصد سے کم ہو کر 2 فیصد رہ گئی۔ ان عوامل نے مجموعی طور پر میپل لیف کے منافع کے مارجن کو پچھلے سال کے 7 فیصد سے بڑھا کر 16 فیصد تک پہنچا دیا۔
اب تک، اٹک اور میپل لیف، دونوں، سیمنٹ انڈسٹری کے نمایاں کامیاب اداروں کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ دوسری جانب، دیگر کمپنیوں کی کارکردگی مارکیٹ کے اندازوں سے کم رہی۔ مثال کے طور پر، چیراٹ سیمنٹ نے سہ ماہی کے دوران 27 فیصد کمی کی اطلاع دی، جب کہ فوجی سیمنٹ کی کارکردگی پچھلے سال کے برابر رہی۔ چھوٹی کمپنیوں میں، پاور سیمنٹ نے نقصان سے نکل کر منافع میں واپسی کی ہے، جس میں مضبوط ریونیو گروتھ اور نمایاں مارجن بہتری کا بڑا کردار رہا۔
جیسے جیسے مزید کمپنیاں اپنے مالی نتائج ظاہر کر رہی ہیں، ایک رجحان نمایاں طور پر سامنے آرہا ہے: اگرچہ مجموعی سیمنٹ آف ٹیک میں 16 فیصد سالانہ اضافہ ہوا ہے ۔ جس میں ملکی آف ٹیک 14 فیصد بڑھی ، مگر ہر کمپنی وہ مارکیٹ شیئر حاصل نہیں کر سکی جو پہلے تھی۔ دوسری جانب، ممکن ہے کہ قیمتوں میں اضافہ تمام کمپنیوں میں یکساں طور پر نہیں ہوا۔
چونکہ انڈسٹری اب بھی تقریباً 50 فیصد صلاحیت پر کام کر رہی ہے، اس حقیقت کے باوجود کہ زیادہ تر کمپنیاں بڑھتی ہوئی طلب کے باوجود معمولی منافع ظاہر کر رہی ہیں، یہ آنے والے حالات کی جھلک ہوسکتی ہے ۔ یعنی، ممکن ہے کہ ایک قیمتوں کی جنگ عنقریب سامنے آئے۔