ریسرچ فرم کاؤنٹر پوائنٹ کے مطابق ایپل کی آئی فون 17 سیریز نے ابتدائی فروخت میں چین اور امریکہ، دونوں بڑی منڈیوں میں اپنے سابقہ ماڈل کے مقابلے میں نمایاں طور پر بہتر کارکردگی دکھائی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ دستیابی کے ابتدائی 10 دنوں کے دوران آئی فون 17 سیریز کی فروخت آئی فون 16 سیریز کے مقابلے میں 14 فیصد زیادہ رہی۔

رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ چین میں بیس ماڈل آئی فون 17 کی فروخت اسی مدت کے دوران آئی فون 16 کے مقابلے میں تقریباً دوگنی رہی جبکہ دونوں مارکیٹوں میں مجموعی طور پر اس ماڈل کی فروخت میں 31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

سینئر تجزیہ کار منگ منگ ژانگ نے رپورٹ میں کہا کہ بیس ماڈل آئی فون 17 صارفین کے لیے انتہائی پرکشش ہے کیونکہ یہ قیمت کے لحاظ سے بہترین قدر فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بہتر چِپ، بہتر ڈسپلے، زیادہ بیس اسٹوریج اور سیلفی کیمرے میں اپ گریڈ یہ سب کچھ گزشتہ سال کے آئی فون 16 کی ہی قیمت پر دستیاب ہے۔

یاد رہے کہ ایپل نے آئی فون 17 سیریز کو رواں سال ستمبر میں عالمی سطح پر بشمول چین میں، متعارف کرایا تھا۔