ڈالر کے مقابلے میں روپیہ مزید مضبوط
انٹربینک مارکیٹ میں پیر کو ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ 3 پیسے (0.01) کی بہتری سے 281.07 روپے پر بند ہوا۔
گزشتہ ہفتے ڈالر کے مقابلے روپیہ 7 پیسے (0.02 فیصد) کی بہتری سے 281.10 روپے پر بند ہوا تھا۔
بین الاقوامی سطح پر پیر کو جاپانی ین امریکی ڈالر کے مقابلے میں کمزور ہوا کیونکہ مالیاتی اور مانیٹری محرکات کی حامی سنائے تاکائیچی کے جاپان کی اگلی وزیر اعظم بننے کے امکانات تقریباً یقینی ہو گئے جب مبینہ طور پر انہوں نے اس اعلیٰ عہدے کے لیے اہم سیاسی حمایت حاصل کر لی۔
محفوظ سرمایہ کاری کی علامت سمجھی جانے والی کرنسی ین پر اس وقت مزید دباؤ آیا جب بیجنگ اور واشنگٹن کے درمیان تجارتی کشیدگی میں کچھ کمی اور امریکی علاقائی بینکوں سے متعلق خدشات میں کمی کے بعد سرمایہ کاروں کے رسک لینے کے رجحان میں اضافہ ہوا۔
ادھر رسک سے وابستہ آسٹریلوی ڈالر میں بھی بہتری دیکھی گئی۔
امریکی ڈالر نے پیر کو 0.3 فیصد اضافے کے ساتھ 150.96 ین کی سطح حاصل کر لی جبکہ جمعہ کو یہ 1.1 فیصد تک گر گیا تھا۔ اس کمی کی بڑی وجہ امریکی بینکوں میں خراب قرضوں کے انکشافات اور چینی ریئر ارتھ منرلز جو چِپ سازی اور دیگر ہائی ٹیک سپلائی چینز کے لیے نہایت اہم ہیں پر بڑھتی ہوئی ٹیرف کشیدگی تھی۔
تاہم وال اسٹریٹ کے اختتام تک کریڈٹ سے متعلق خدشات میں کمی آئی اور تمام اہم انڈیکس مثبت انداز میں بند ہوئے۔