شمالی قبرص کے علیحدہ ہو چکے علاقے میں اتوار کے روز صدارتی انتخابات کے لیے ووٹنگ ہوئی، جسے اس بات کا امتحان قرار دیا جا رہا ہے کہ آیا منقسم جزیرے کے دوبارہ اتحاد کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع ہو سکتے ہیں یا نہیں۔

موجودہ ترک قبرصی رہنما ارسن تتار، جو دو ریاستی حل کے حامی ہیں، کے مقابلے میں مرکزی بائیں بازو کے حریف توفان ارحمان میدان میں ہیں، جو یونانی قبرص کے ساتھ اقوام متحدہ کی سرپرستی میں وفاقی تصفیے کے لیے مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے حامی ہیں۔

ارسن تتار کا دو ریاستی حل کا مؤقف یونانی قبرص نے مسترد کر دیا ہے، جب کہ امن مذاکرات 2017 سے تعطل کا شکار ہیں۔

کل سات امیدوار میدان میں ہیں، تاہم جائزوں کے مطابق اصل مقابلہ تتار اور ارحمان کے درمیان ہے، اور اگر کوئی امیدوار واضح اکثریت حاصل نہ کر سکا تو 26 اکتوبر کو دوسرا مرحلہ ہوگا۔

قبرص 1974 میں تقسیم ہوا جب ترکیہ نے اس پر حملہ کیا، جو کہ یونانی حامی مختصر بغاوت کے ردعمل میں کیا گیا تھا۔ اس سے قبل 1963 میں اقتدار کی شراکتی حکومت کے خاتمے کے بعد وقفے وقفے سے جھڑپیں جاری تھیں۔

شمالی قبرص کو صرف ترکیہ تسلیم کرتا ہے۔ پولنگ 0500 جی ایم ٹی پر شروع ہوئی اور 1500 جی ایم ٹی پر ختم ہوگی، جب کہ نتائج اتوار کی رات جاری ہونے کی توقع ہے۔