خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں سیکیورٹی فورسز کی کامیاب کارروائیوں کے دوران 34 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ دہشت گرد بھارت کے حمایت یافتہ فتنہ خوارج سے تعلق رکھتے تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ آپریشنز 13 سے 15 اکتوبر کے دوران خفیہ معلومات کی بنیاد پر کیے گئے اور انسداد دہشت گردی کے تحت جاری مہم عزمِ استحکام کا حصہ ہیں۔
اطلاعات کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے سپین وام میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی گئی، جس کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں 18 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔
جنوبی وزیرستان میں ہونے والی دوسری کارروائی میں مزید 8 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ بنوں میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کرتے ہوئے مزید 8 خوارج کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے ،تاکہ کسی بھی روپوش دہشت گرد کو گرفتار یا ہلاک کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے ادارے قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ ویژن عزمِ استحکام کے مطابق اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک مہم پوری شدت سے جاری رہے گی۔