آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بدھ کو ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی، جس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سلامتی کی مجموعی صورتحال بالخصوص افغان سرحد پر جاری کشیدگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ایوانِ صدر سے جاری بیان کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے صدر کو افغان سرحد پر حالیہ حالات اور افغان طالبان حکومت کے اشتعال انگیز اور جارحانہ اقدامات سے متعلق بریفنگ دی۔انہوں نے سرحد پار حملوں پر پاکستان کی مسلح افواج کے بروقت اور مناسب جوابی اقدامات سے بھی آگاہ کیا۔

صدر آصف علی زرداری نے اس موقع پر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مستعدی اور دفاعی تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ملکی سرحدوں کے دفاع میں افواجِ پاکستان کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان اپنی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا ہر قیمت پر تحفظ کرے گا۔

یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی جب پاکستان اور افغانستان کے درمیان افغان طالبان حکومت کی درخواست پر 48 گھنٹے کی عارضی جنگ بندی پر اتفاق کیا گیا ہے۔

وزارتِ خارجہ کے مطابق جنگ بندی بدھ کی شام 6 بجے سے مؤثر ہوگی اور اس دوران دونوں ممالک باہمی مذاکرات کے ذریعے کشیدگی کے حل کے لیے کوششیں کریں گے۔

ایف او کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اس وقفے کے دوران دونوں فریق تعمیری بات چیت کے ذریعے اس پیچیدہ مگر قابلِ حل مسئلے کا مثبت حل تلاش کرنے کی مخلصانہ کوششیں کریں گے۔