شاہ تاج شوگر ملز لمیٹڈ نے پیر کو اعلان کیا ہے کہ اس کے پاور پلانٹ نے درکار تمام کمیشننگ ٹیسٹ مکمل کرنے کے بعد آج باقاعدہ طور پر کمرشل آپریشن ڈیٹ (سی او ڈی) حاصل کر لی ہے۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) کو جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انرجی پرچیز ایگریمنٹ (ای پی اے) کی شق 8.3 کے تحت کمیشننگ ٹیسٹس کی کامیاب تکمیل، انڈیپنڈنٹ انجینئر کی جانب سے کیپیسٹی ٹیسٹ سرٹیفکیٹ اور کمپنی کے پاور پلانٹ کے کمیشننگ سرٹیفکیٹ کے اجرا کے بعد ہمیں یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہو رہی ہے کہ شاہ تاج شوگر ملز لمیٹڈ کے پاور پلانٹ نے آج 10 اکتوبر 2025 کو کامیابی کے ساتھ کمرشل آپریشن ڈیٹ (سی او ڈی) حاصل کر لی ہے۔
سی او ڈی (کمرشل آپریشن ڈیٹ) وہ تاریخ ہوتی ہے جب کوئی منصوبہ، مثلاً پاور پلانٹ، باضابطہ طور پر بجلی پیدا کر کے آمدنی حاصل کرنا شروع کرتا ہے۔ یہ تاریخ اس وقت مقرر کی جاتی ہے جب منصوبہ تمام ضروری کارکردگی اور عملی ٹیسٹ کامیابی سے مکمل کر لیتا ہے۔
شاہ تاج شوگر ملز لمیٹڈ کو 1965 میں کمپنیز ایکٹ 1913 کے تحت ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی کے طور پر قائم کیا گیا۔
یہ کمپنی چینی تیار اور فروخت کرتی ہے، جب کہ ضمنی مصنوعات کے طور پر مولیسس اور بیگاس بھی فروخت کرتی ہے۔ اس کا پیداواری یونٹ منڈی بہاؤالدین میں واقع ہے۔