سندھ حکومت نے اقتصادی ترقی کے میدان میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرلیا، پاکستان میں واقع خیرپور خصوصی اقتصادی زون (کے ایس ای زیڈ) کو ایشیا پیسیفک خطے میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) کے لیے بہترین فری زون کے طور پر تسلیم کیا گیا ہے۔

فنانشل ٹائمز کی دو ماہانہ نیوز اور براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا مطبوعہ (پبلیکیشن)، ایف ڈی آئی انٹیلی جنس نے 2025ء کے لیے دنیا بھر میں مختلف زمروں اور جغرافیوں کے لحاظ سے دنیا کے بہترین تجارتی زونز کا تعین کیا ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے خیرپور اسپیشل اکنامک زون (کے ایس ای زیڈ) کی بین الاقوامی سطح پر شناخت کو سراہتے ہوئے اسے سندھ حکومت کیلئے عالمی کامیابی اور پاکستان کیلئے اعزاز قرار دیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے یہ تبصرے ایف ڈی آئی گلوبل فری زونز آف دی ایئر 2025ء ایوارڈز میں خیرپور خصوصی اقتصادی زون کو ایشیا پیسیفک کے سب سے نمایاں صنعتی زونز میں شامل کیے جانے کے بعد سامنے آئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ایف ڈی آئی گلوبل فری زونز آف دی ایئر 2025 ایوارڈز میں شامل ہونا پاکستان کے لیے اعزاز کی بات ہے اور یہ عالمی اعزاز سندھ کے صنعتی سفر میں ایک سنگِ میل کی نمائندگی کرتا ہے۔