انٹربینک مارکیٹ میں بدھ کو بھی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں بہتری کا سلسلہ جاری رہا۔
کاروبار کے اختتام پر ڈالر کے مقابلے روپیہ ایک پیسے کی بہتری سے 281.21 روپے پر بند ہوا۔
یاد رہے کہ منگل کو مقامی کرنسی 281.22 روپے فی ڈالر پر بند ہوئی تھی۔
عالمی سطح پر بدھ کو بھارتی روپے کے نئی ریکارڈ کم ترین سطح کے قریب پہنچنے کا امکان ہے کیونکہ ڈالر انڈیکس چھے ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے جبکہ ایشیائی مارکیٹوں میں کمزوری دیکھی جارہی ہے۔ ماہرین کے مطابق اس صورتحال نے بھارتی مرکزی بینک کی جانب سے ممکنہ مداخلت کے ایک اور دور کے امکانات کو بڑھا دیا ہے۔
ایک ماہ کے نان ڈلیوریبل فارورڈ کے مطابق بھارتی روپیہ بدھ کو امریکی ڈالر کے مقابلے میں 88.78 سے 88.82 کی حد میں کھلنے کا امکان ہے جبکہ منگل کو یہ 88.7725 پر بند ہوا تھا۔
بھارتی روپیہ گزشتہ منگل کو 88.80 کی ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچ گیا تھا۔ اس کے بعد کے چار تجارتی سیشنز میں، ریزرو بینک آف انڈیا کی فعال مداخلت کے باعث مقامی کرنسی نئی نچلی سطح پر گرنے سے محفوظ رہی۔
ڈالر انڈیکس میں منگل کو 0.5 فیصد اضافہ ہوا جبکہ بدھ کے ایشیائی سیشن میں مزید 0.3 فیصد بڑھ کر یہ 99 کی سطح کے قریب پہنچ گیا جو 6 ہفتوں کی بلند ترین سطح ہے۔
جاپانی کرنسی ین کی قدر میں کمی نے ڈالر انڈیکس کو سہارا دیا، کیونکہ ین فروری کے بعد اپنی کمزور ترین سطح پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ سرمایہ کار جاپان کی متوقع وزیرِاعظم سانائے تاکائچی کی ممکنہ پالیسی حکمتِ عملی کا جائزہ لے رہے ہیں۔